کوہاٹ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون

اشتہاری،منشیات فروشوں اور سود خوروں سمیت 198مشتبہ افراد گرفتار

اتوار 11 دسمبر 2016 19:00

پشاور۔11دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) کوہاٹ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈائون میں صدر سرکل پولیس نے اشتہاری مجرمان،منشیات فروشوں اور سود خوروں سمیت 198مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ایک ہفتے کے دوران 22مقامات پر سرچ آپریشن کی کاروائیوں میں پولیس نے زیر حراست افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرلئے ہیں۔

ڈی ایس پی صدر سرکل حسین غلام بنگش نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف جاری خصوصی مہم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے چارج سنبھالتے ہی اپنے دفتر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دو ٹوک الفاظ میں جرائم پیشہ افراد خصوصاً سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاریوں،منشیات فروشوں،سمگلروں،سود خوروں اورانکے سہولت کاروں کے خلاف سخت کاروائی کے حوالے سے واضح احکامات جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کی ان احکامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے صدر سرکل کی مختلف تھانوں محمد ریاض شہید،بلی ٹنگ ،گمبٹ اور تھانہ جرما کی علاقائی حدود میں پولیس نے اب تک مختلف مقامات پر 22سرچ آپریشنز کرتے ہوئے چھاپہ مار کاروائیوں میں قتل و اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب پانچ اشتہاری مجرمان،34منشیات فروشوں،4سود خوروںاور انکے 13سہولت کاروں سمیت مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 198مشتبہ ملزمان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر پانچ کلاشنکوف،پندرہ پستول،سات رائفل،چار بندوق،دو ہزار سے زائد مختلف بور کے کارتوس،بیس چارجرز،پندرہ کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 135لٹر دیسی شراب برآمد کرلئے ہیں۔

ڈی ایس پی کے مطابق پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں 112مقدمات قائم کرکے اسلحہ و منشیات رکھنے کے جرم میں زیر حراست 82ملزمان کو جیل بھیج دیا ہے۔ڈی ایس پی حسین غلام کا کہنا تھا کہ جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائی جاری رہے گی اور قانون کی بادستی کو ہر حال میں قائم رکھتے ہوئے علاقے کو مجرمانہ سرگرمیوں سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :