نبی آخرالزمانؐکی حیات مبارکہ انسانیت کیلئے مشعل نورہے،ڈاکٹر راغب نعیمی

اتوار 11 دسمبر 2016 18:50

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) معروف مذہبی سکالر وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ نبی آخرالزمان،سروردوکونینؐکی حیات مبارکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل نورہے،محسن کائناتؐ کی سیرت مبارکہ پرعمل پیراہوکرہی دنیاکوامن وسلامتی کاگہوارہ بنایا جاسکتاہے۔آپؐ کوتمام جہانوں کیلئے رحمت بناکرمبعوث فرمایا گیا۔

آپ ؐ پوری ا نسانیت کے لیے ہدایت و رہنمائی کے پیامبر بن کرتشریف لائے۔اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ،جس میں ہمارے تمام سماجی، معاشرتی اور معاشی مسائل کا حل موجود ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جامعہ نعیمیہ کے 67 ویںسالانہ عید میلاد النبیﷺکے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلوس سے مرکزی صدرنعیمین ایسوسی ایشن پاکستان پروفیسرعلامہ لیاقت علی صدیقی ،صدرجماعت علماء اہل سنت مفتی نعیم احمدصابری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ مفتی محمدہاشم رضوی،مفتی محمدعمران حنفی،مفتی ندیم قمر،ڈاکٹرسلیمان قادری،خالد ملک(چیئرمین یوسی 172)مفتی قیصر شہزاد نعیمی(وائس چیئرمین ) قاری محمدامیر قادری،مفتی بلال فاروق نعیمی اورمفتی سلطان علی ،جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ ،طلباء،نعیمین ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی۔درباربی بی پاکدامن پرمقامی سیاسی وسماجی رہنمائوں نے جلوس کااستقبال کیا اورشرکاء پرپھولوں کی پتیاں نچھاورکیں،جلوس کے شرکاء نے مزار بی بی پاکدامن پر حاضری اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

جلوس گڑھی شاہو،کوئین میری کالج روڈ،لاہور پریس کلب،پولیس لائن،بازار درباربی بی پاکدامن،محمدنگر بازار سے گزرتاہوا جامعہ نعیمیہ میں مفتی اعظم پاکستان مفتی محمدحسین نعیمیؒ اورڈاکٹر سرفراز نعیمی کے مزار اقدس پر اختتام پذیر ہوا ۔اس موقع پرملک وقوم کی سلامتی اورامہ کودرپیش مسائل کے حل کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :