پاکستان رینجرز کی جانب سے اتوارکو قائداعظم کار ریلی کا انعقاد کیا گیا

اتوار 11 دسمبر 2016 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان رینجرز کی جانب سے اتوارکو قائداعظم کار ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں مختلف کھلاڑیوں،فنکاروں اور عوام کی ایک کثیر تعداد نے شریک ہوکر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز نے دسمبر کو ماہ قائد کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اتوارکو کراچی میں قائداعظم کار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کا آغاز ٹول پلازہ سے ہوا اور سپر ہائی وے سے براستہ حسن اسکوائر مزار قائد پر جا کر ختم ہوئی۔رینجرز کی جانب سے منعقد کی گئی قائد اعظم ریلی میں کھلاڑیوں، فنکاروں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔معروف اسکوئش کھلاڑی جہانگیر خان، جاوید شیخ اور بہروز سبزواری نے بھی اپنے اہلِ خانہ سمیت ریلی میں خصوصی طور پرشریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رینجرز کے بینڈ نے اپنے فن کے جوہر دکھائے اور ملی ترانوں کی گونج نے سماں باندھ دیا اور عوام ملی نغموں پر جھوم اٹھے جب کہ مختلف علاقائی ملبوسات زیب تن کیے اسکول کے بچوں نے ٹیبلیوزبھی پیش کیے۔رینجرز کے بریگیڈیئر شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کامقصد بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ،جن کی انتھک محنت اور عظیم قیادت کی بدولت بر صغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ ریاست عطا کی جو نعمت خداوندی سے اور وسائل سے مالا مال ہے۔