ترقیاتی کام انتخابات سے پہلے ختم کرنا چاہتے ہیں ، کراچی میں سڑکوں کی تعمیر کی5 منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 11 دسمبر 2016 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ترقیاتی کام انتخابات سے پہلے ختم کرنا چاہتے ہیں اس لئے کراچی میں سڑکوں کی تعمیر کی5 منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے۔ یہ بات انھوں نے شہر قائد کے مختلف علاقوں کا دورہ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبا ئی وزیر بلدیات جام خان شورو ، معاون خصوصی سعید غنی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے طارق روڈ پر ہونے والے ترقیاتی کام کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کی لاگت 516.5 ملین ہے اور اس کی لمبائی 2کلو میٹر سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

اسکے بعد وزیراعلیٰ سندھ حسن اسکوائر پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ وہاں سے ہوتے ہوئے انہوں نے گودرا چوک سے شفیق موڑ تک کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور انہیں بتایا گیا کہ ا س اسکیم کی لاگت 34.5 ملین روپے ہے۔

اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی سے صفورہ چورنگی روڈ تک کے ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔اس موقعے پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ اس منصوبے میں 777.9 ملین لاگت آئے گی اور اس کی لمبائی 4.4 کلومیٹر تک ہے۔ علاوہ ازین وزیراعلیٰ سندھ سعد مراد علی شاہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کروں گا، مجھے اختیارات قانون نے دئیے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ترقیاتی کاموں کی منظوری سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے دی تھی۔مزید کہاکہ مقامی حکومت سے پہلے ہی منصوبے بنائے گئے ہیں،ہر ایک کو اپنی ذمیداری کا احساس ہوتے ہوئے کام کرنا ہو گا ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ مقامی حکومت کا ہر طرح سے ساتھ دینے کے لئے تیا ر ہیں اورکراچی میں پانی کے منصوبے پر 4ماہ میں کام مکمل کرایا جائے گا ۔

انہوںنے کہاکہ عوام کی سہولت کے لئے ترقیاتی کام کو حصوں میں کر رہے ہیں ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جامشورو سے سہون تک ساڑھے 4گھنٹے لگتے تھے اب ڈ یڑھ گھنٹہ لگتا ہے ،ترقیاتی کاموں سے آپ لوگوں کو کچھ عرصے کے لئے زحمت ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ گذشتہ ادوار کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال تمام بہتر ہے ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ یہ پہلا دن نہیں ہے کہ اتوار کو چھٹی والے دن نکلا ہوں، ویسے بھی نکلتا ہوں۔

مزید کہا کہ کراچی کی آبادی کتنی ہے نہیں جانتا مردم شماری سے پتہ چلے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ کچرا اٹھانے کی ذمہ داری میری ہے اور کوشش ہے جتنی جلد ہوسکے صورتحال بہتر کر سکوں۔انہوں نے مزید کہاکہ میں نے پہلے ہی کہا تھا 18ماہ میں صورتحال مثالی نہیں کر سکوں گا ،کراچی کی آبادی میں بغیر منصوبہ بندی اضافے سے صورتحال گھمبیر ہوئی ،ڈی ایم سی سے بات کی کہا مدد کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوںنے مزید کہاکہ قائد آباد سے اسٹیل مل تک کام شروع کرا دیا ، اسکیم کا انتظام نہیں کیا ،کوشش ہے ترقیاتی کاموں کی پوری طرح نگرانی کریں ۔ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ میں پیپلز پارٹی ہوں پیپلز پارٹی کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہوں ۔پیپلز پارٹی کے 4 مطالبات میں کون سا مطالبہ جمہوری نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ افسران سے رابطہ ہے ، فون کر کے بھی ان کو کام کا کہہ سکتا ہوں ،کام ہونے کو یقینی بنا نا بہت ضروری ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ ٹریفک کے مسئلے پر پوری طرح سے توجہ نہیں دے سکا ہوں اورایک دن ٹریفک کے مسئلے پر شہر کا دورہ کروں گا ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خواجہ سعد رفیق میری طرف سے بات نہیں کر سکتے ، ہمیں وزیراعظم کی مدد ملی ہے ، سرکلر ریلوے جلد شروع کریںگے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ اعلیٰ اداروں کو حل ڈھونڈ نا ہوگا ، ماتحت اداروں کو نہیں اورعدالت اور دوسرے ادارے پارلیمنٹ کے ماتحت ہیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے 4مطالبہ منظور کریں اور آگے بڑھیں ،امید ہے ان کو جمہوری طریقہ سمجھ آجائے گا ۔انہوںنے کہا کہ امن و امان کی صورتحا ل پورے سندھ میں پچھلے 30 ،40سالوں میں ایسی نہیں تھی جیسی اب ہے ،کراچی پولیس کو ہم نے ریسورسز دیں ہیں اگر اور زیادہ ضرورت ہو گی تومزید دیں گے ۔انہوںنے مزید کہاکہ حکومت کا پہلاکام یہی ہے کہ شہریوں کو امن و امان فراہم کیا جائے ،امن و امان ہو گا تو ترقیاتی کام بھی ہوں گے اور معاشی حالات بھی بہتر ہوں گے ۔

انہوںنے کہاکہ میں ہر ایک چیز کی خود ہی نگرنی کرتا ہوں ،کراچی شہر بلکہ پورے سندھ کی ذمہ داری میری ہے،صفائی ستھرائی کا کام پہلے سے بہت بہتر ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ترقیاتی کام کرنے میں وقت لگتا ہے جلدی کچھ بھی نہیں ہو سکتا ،صوبائی سطح پر افسران میرے بازو ہیں ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں ،سید مراد علی شاہ نے کہاکہ پریشانیاں اورمسائل موجود ہیں جن کو ہم حل کرنے کی پوری کوششیں کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :