پاکستان علماء کونسل ایک سیاسی مذہبی اور فلاحی جماعت ہے ،ہماری جدوجہد پاکستان کو ایک پر امن اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے‘ طاہر محمود اشرفی

پاکستان علماء کونسل آئندہ انتخابات میں بھر پورانداز حصہ لے گی،پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے محراب ومنبر کے وارثوں کو میدان میں آنا ہوگا‘پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 11 دسمبر 2016 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ ،عاملہ ،چاروں صوبوں ،گلگت ،بلتستان اور آزاد کشمیر کے اراکین نے متفقہ طور پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو مرکزی چیئرمین اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی ناظم انتخابات مولانا محمد ایوب صفدر نے فیصل آباد میں نومنتخب چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے اراکین نے منشور اور ضابطہ کے مطابق اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین کیلئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مرکزی سیکرٹری جنرل کیلئے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کو منتخب کیا ہے جبکہ وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم،مولانا ایوب صفدر،ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو،سیکرٹری امور خارجہ محمد طلحہ کشمیری،فنانس سیکرٹری مولانا اسد اللہ فاروق ہوں گے جبکہ سیکرٹری اطلاعات اور سالار کے عہدوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی اور دیگر نومنتخب عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ایک سیاسی مذہبی اور فلاحی جماعت ہے ۔ہماری جدوجہد پاکستان کو ایک پر امن اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ جس میں تمام طبقات ،تمام مذاہب اور مسالک کے لوگوں کو آئین پاکستان کے مطابق حقوق حاصل ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل آئندہ انتخابات میں بھر پورانداز حصہ لے گی ۔پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے محراب ومنبر کے وارثوں کو میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام 19نومبر کو ’’بیداری مسلم مہم‘‘ کا آغاز ہوچکا ہے اور 32سے زائد شہروں میں انتہاپسندی ،دہشت گردی ،فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف اورامت مسلمہ کے مسائل سے آگاہی کیلئے اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت یکم مارچ 2017؁ء کو دوسری سالانہ عالمی پیغام اسلام کانفرنس کنونشن سنٹراسلام آباد میں منعقد ہوگی ۔ 17دسمبر کو لاہور میں سیرت خاتم الانبیاء کانفرنس اور 18دسمبر کو’’ یوم فروغ زبان عربی ‘‘منایا جائے گا اور اسلام آباد میں ’’لسان رحمة اللعالمین ؐ کا نفرنس منعقد ہوگی۔ پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ کے اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے انہوں نے کہا کہ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے قادیانیوں کے مرکز پر قومی ایکشن پلان کے تحت مارے گئے چھاپے پر تنقید پر سخت افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان پاکستان کے امور میں نہ صرف مداخلت ہے بلکہ پاکستان میں نفرتیں اور تعصب پھیلانے والے اداروں کو تقویت دینے کی کوشش ہے۔

چناب نگر قادیانی مرکز سے پکڑے جانے والے لٹریچر میں مسلم مسیحی اور دیگر مذاہب کے مقدسات کی توہین کی گئی ہے۔ ایسے لٹریچر کی اشاعت اور تقسیم سے ملک میں اشتعال اور فساد پیدا ہوگا لہٰذا امریکی وزارت خارجہ کو اپنا یہ بیان واپس لینا چاہئے۔ایک قرارداد میں ممتاز مذہبی سکالر جنید جمشید اور دیگر افراد کے جہاز کے حادثہ میں جان بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ جہاز حادثہ کی مکمل تحقیقات کرکے منظر عام پر لائی جائیں۔

متعلقہ عنوان :