Live Updates

سپریم کورٹ میں حقائق قوم کے سامنے آگئے ، ملک گیر عوامی رابطہ مہم حکمرانوں کی آنکھیں کھول دیگی‘شاہ محمودقریشی

کرپشن اور لوٹ مار پر نو کمپرومائز کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، شریف خاندان کے تمام جھوٹ سپریم کورٹ میں پکڑے گئے، اب عوام کی عدالت میں وہ مجرم ہیں‘وائس چیئرمین تحریک انصاف

اتوار 11 دسمبر 2016 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) تحر یک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قر یشی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں حقائق قوم کے سامنے آگئے ، ملک گیر عوامی رابطہ مہم حکمرانوں کی آنکھیں کھول دیگی، کرپشن اور لوٹ مار پر نو کمپرومائز کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، شریف خاندان کے تمام جھوٹ سپریم کورٹ میں پکڑے گئے، اب عوام کی عدالت میں وہ مجرم ہیں۔

ان خیالا ت کااظہار انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال،جنرل سیکرٹری میاں حماد اظہر، سیکرٹری نشرواشاعت شیخ امتیازمحمود،فنانس سیکرٹری نعیم الحق سے پارٹی امور پر ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شاہ محمود قریشی نے رابطہ عوام مہم کوعوامی عدالتیں قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوام کا حق ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی فیصلے بارے کیا موقف رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

خاص طور پر جب لاہور باہر نکلا تو حکمران پرے سے پرے نکل جائیں گے، غیر فعال اداروں کے وزیراعظم پر کرپشن ثابت ہوچکی ہے، حکومتی وزراء کی عدالت کے باہر نعرے بازی حکومتی عزائم ظاہر کرتی ہے لیکن عوامی مینڈیٹ اور عزائم کے سامنے یہ سب ڈھیر ہوجائیں گے، حکمران خاندان کی ملک کے اندر عزت ہے نہ ہی باہر وگرنہ بھارت میں پاکستانی وفد کیساتھ افسوسناک واقعات پیش نہ آتے، انہوںنے کہا کہ حکومت کی ساری توجہ مال بنائو اور مال بچائو کی پالیسی پر ہے اسی لئے عوامی مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھ گئے ہیں، عوام بھوکے مررہے ہیں لیکن حکمران اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں ، حکومت نے بہت دیر تک اپوزیشن کی سنجیدگی کو غیر سنجیدگی سے لیا کیونکہ صرف ٹائم گیم کھیلا جا رہا تھا۔

ہم نے عدالت میں جو ثبوت دیئے انکے خلاف بھی حکومت کے پاس کچھ نہیں اور تحر یک انصاف کا نظر یہ اور موقف پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت قومی اور پنجاب صوبائی اسمبلی میں تو کورم پورا نہیں کرسکتی لیکن ان کے وزراء سب سویرے ہی عدالتوں کے باہر اور میڈیا کے سامنے جمع ہوجاتے ہیں تاکہ ان کی نوکریاں بچی رہیں۔ ملاقات میں صدر لاہور اربن ولید اقبال نے انہیں تنظیم سازی اور رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اپنی تیاریوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا جس پر وائس چیئرمین نے اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ لاہور عمران خان کا شہر ہے، لاہوریوںنے کبھی بھی عمران خان کو مایوس نہیں کیا جب عمران خان لاہور کے عوام سے رابطہ کریں گے تو انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر حکمرانوں اور ان کے سپیکروں کو درودیوار سمیت بہالے جائیگا۔

کیونکہ حکومت نے جو وعدے کئے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا بلکہ حالات زیادہ ابتر ہوئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات