دسمبرکی صبح سے پہلے شائع، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائی:شکریہ

عید میلاد النبیؐ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مواخات اور وحدت ملت اسلامیہ کے زریں اصول یاد کرانے کا ذریعہ ہے وزیراعظم محمد نوازشریف کا عید میلاد النبیؐ پر پیغام

اتوار 11 دسمبر 2016 18:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنے پیغام میں محسن انسانیت خاتم الانبیاء رحمة العالمین حضرت محمد مصطفیٰ کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیراعظم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مواخات اور وحدت ملت اسلامیہ کے زریں اصول یاد کرانے کا ذریعہ ہے اور اس فلاح ونجات کی طرف متوجہ کرتا ہے جو حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر مسلمانوں کو حاصل ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے، تاریخ ہمیشہ ان مقدس لمحات پر نازاں رہے گی جو اس روشن صبح کے دامن میں سمٹ آئے تھے۔ انسان دشمنی ، ظلم و بربریت ، جہالت، جبرو استبداد اور گمراہی کی تاریخ کو ظہور قدسی کے ان مبارک لمحات نے یکسر بدل کر رکھ دیا، تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کے تقدس، علم کو وسعت، فکرکوندرت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفوو درگزر اورجذبات کو پاکیزگی بخش دی گئی، محبت و اخوت اور مروت و خلوص کے گلستان آباد کردیئے گئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ماہ ربیع الاول ہمیں حضرت محمدؐ سے عشق ومحبت کا پیغام دیتا ہے، سرزمین پاکستان ہمیشہ سے نبی کریمؐ کے جانثاروں سرفروشوں اور پیروکاروں کی زمین رہی ہے حتیٰ کہ اس کی بنیادوں میں بھی ریاست مدینہ کا عکس موجود ہے، اب بابرکت دن کی تمام محفلیں دراصل تحدیث نعمت ہیں جن کا انعقاد آپؐ کی ذات اقدس سے تعلق کے اظہار اور آپؐ کے لائے ہوئے پیغام ہدایت کو عام کرنے کیلئے کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس مبارک موقع پرعہد کرنا چاہئے کہ ہم انتہا پسندانہ سوچ اور علاقائی تعصبات کو خیرباد کہہ کر ملک وقوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کریں گے، آج اس نازک صورتحال میں ہمیں اپنی فوج کے ہمراہ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جو ضرب عضب اور دیگر محاذوں پر بے پناہ قربانیاں پیش کررہی ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ حضرت محمدؐ کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اوراجتماعی سطح پر اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں کو سنت مطہرہ کے سانچے میں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :