مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل مسز تنویر چوہدری کی رہائشگاہ پر محفل میلاد مصطفی ؐکا انعقاد

نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی مضمر ہے، سرکاردوعالمﷺ کی سیرت طیبہ تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے،آج بھی امت مسلمہ خصوصاً پاکستان کے مسائل کا حل نبی اکرمﷺ کی تعلیمات ہی میں مضمر ہے‘مسز تنویر چوہدری

اتوار 11 دسمبر 2016 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کی رہنماء ومشیر وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل مسز تنویر چوہدری کی رہائشگاہ شاد باغ میں گزشتہ روز عید میلاد النبی ﷺ کے پُر عقیدت موقع پر محفل میلاد مصطفی کا انعقاد کیا گیا جس میں مسز میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن‘ ایم پی اے سلمی بٹ‘ایم پی اے شہزادی کبیر‘ایم پی اے رخسانہ کوکب‘ صفیہ اسحاق ‘مسز منور قادری سمیت مسلم لیگ(ن) کی کارکنان کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

خواتین نے درود و سلام پیش کیا اور ملک وقوم کیلئے دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر مسز تنویر چوہدری نے کہا کہ نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔ سرکاردوعالمﷺ کی سیرت طیبہ تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے،آج بھی امت مسلمہ خصوصاً پاکستان کے مسائل کا حل نبی اکرمﷺ کی تعلیمات ہی میں مضمر ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نبی اکرمﷺ کی ذات مقدسہ اور آپﷺ کی تعلیمات پوری بنی نوع انسان کیلئے رحمت و ہدایت کا سرچشمہ ہیں، حضرت محمدﷺ کی سیرتِ پاک میں تمام انسانی مسائل و مشکلات کا مکمل حل موجود ہے، یہی وہ راستہ ہے کہ جس پر چلتے ہوئے ہم موجودہ چیلنجز، خصوصاً انتہا پسندانہ سوچ ،عد م رواداری اور عدم برداشت سمیت جملہ مسائل کا مقابلہ کر سکتے ہیں، آج کا دن ہمیں حضور رحمت للعالمینﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے شب و روز اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گزارنے کی تلقین کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپﷺ نے پوری انسانیت کو بھائی چارے، یگانگت، اخوت، محبت اور امن کا لافانی پیغام دیا، حضور اکرمﷺ نے عفو و درگزر کی ایسی اعلیٰ مثالیں قائم کیں جن کی دنیا کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔