عید میلادالنبی کے مبارک موقع پر ہمیں سنجیدگی اور دلجمعی کے ساتھ اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے‘عابد حسین صدیقی

حضور پاک ﷺکی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ایثار و قربانی اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا، اسوہ رسول پر چل کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے

اتوار 11 دسمبر 2016 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ عید میلادالنبی کے مبارک موقع پر ہمیں سنجیدگی اور دلجمعی کے ساتھ اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے، حضور پاک ﷺکی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ایثار و قربانی اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا، اسوہ رسول پر چل کر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، ملک میں لگی آگ نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا، اگر آج ہم نے فروعی اختلافات ختم نہ کئے تو تاریخ کے اوراق میں ہمارا نام تک نہ ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان میں رہنے والے مسلمانوں کو متحد کرنے کیلئے ہم سب نے آج اپنا کردار ادا نہ کیا اور صحیح فیصلے نہ کئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

علمائے حق پاکستان کو مشکلات سے نکالنے اور فرقہ واریت کے فتنے کو ختم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاکﷺ نے ایثار، قربانی، حسن سلوک، برداشت، رواداری، اتحاد، محبت، اخوت اور بھائی چارے کا ابدی پیغام دیا ہے۔

بدقسمتی سے مسلمان یہ پیغام بھلا چکے ہیں۔ ملک میں قتل و غارت اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے فروعی اختلافات میںبٹے رہے تو ہمارا حشر دنیا دیکھے گی۔ وہ پاکستان جسے ہم سب نے مل کر اسلامی فلاحی مملکت بنانا تھا وہاں آج قتل و غارت اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔پورا ملک بدامنی کی آگ کی لپیٹ میں ہے، بدقسمتی سے مرنے والا اور مارنے والا دونوں کلمہ گو ہیں۔ آج کے روز ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہر فرد ملک خداداد پاکستان کو دنیا میں ایک فلاحی مملکت بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :