ْکراچی ضلع غربی کی ٹیم نے 11 واں نیشنل بینک کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اتوار 11 دسمبر 2016 17:21

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والا 11 واں نیشنل بینک کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کراچی ویسٹ نے کراچی ایسٹ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 28-34 پوائنٹس سے شکست دے کر جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کراچی ویسٹ کے طلحہ امجد کو قرار دیا گیا جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 114 پوائنٹس اسکور کئے۔

فائنل کے مہمان خصوصی نیشنل بینک شعبہ اسپورٹس کے سربراہ اویس اسد خان تھے۔ اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ارشد، ایس او اے کے انجینئر محفوظ الحق، ایس بی اے کے سیکریٹری اصغر بلوچ، سعید آزاد، عبد الناصر، امجد علی، غلام محمد خان، عظمت اللہ خان، عبد الرزاق، سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم، تنویر احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اویس اسد خان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ نیشنل بینک 2017ء کی بورڈ میٹنگ میں باسکٹ بال ٹیم کی دوبارہ بحالی کے لئے کوشش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال یہ ٹورنامنٹ نیشنل بینک کے تعاون سے اسی کورٹ پر منعقد ہو گا اور بینک ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل اس کی تزئین و آرائش بھی کرے گا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے آئندہ سال انعامی رقم میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں تقریب سے کے بی بی اے کے صدر غلام محمد خان نے بھی خطاب کیا اور ٹورنامنٹ کی رپورٹ پیش کی۔