صدر آزاد جموں و کشمیر سے راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ملاقات

مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیا ل

اتوار 11 دسمبر 2016 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے متاثر ہونے والے افراد کی بحالی و دیکھ بھال ، وزیراعظم پاکستان کے متوقع دورہ آزاد کشمیر ، مالیاتی بحران اور حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے گڈ گورننس کے لیے اٹھائے گئے اقدام سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیا ل ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے حالیہ دورہ کراچی وہاں وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے حوالے سے بتایا ۔ دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور قائدین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون حاصل کیا جائے گا ۔

اس حوالے سے حکومتی کمیٹی پہلے سے مذاکرات کر رہی ہے ۔ آزاد کشمیر کی سی پیک کا حصہ بنانے اور اسے تین مختلف سڑکوں کے ذریعے اقتصادی راہداری سے جوڑنے سمیت دیگر پہلوئوں پر بھی غور و خوص کیا گیا ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے مالیاتی بحران کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار سے ہونے والی گفتگو اور یقین دہانی سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ آئندہ دو برسوں میں آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر تعمیر و ترقی کے کام شروع ہوں گے ۔ اور عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔