نائیجیریا ، چرچ کی چھت گرنے سے 160افراد ہلاک، درجنوں زخمی،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

حادثے کے وقت ریاست اکوا ابم کے گورنر بھی دیگر افراد کے ہمراہ چرچ میں موجود تھے جومعجزانہ طور پر محفوظ رہے،حکام

اتوار 11 دسمبر 2016 16:00

لاگوس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء) نائیجیریا میں چرچ کی چھت گرنے سے 160 افراد ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوگئے،ہلاکتوںمیں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیریا کی ریاست اکوا ابم میں چر چ کی چھت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 160ہوگئی ہے ۔ مزدور اِس زیر تعمیر گرجا گھر کی افتتاحی دعائیہ تقریب کے لیے آخری تعمیراتی مراحل کو مکمل کرنے کی کوشش میں تھے کہ چھت ہال میں موجود عبادت گزاروں پر گر گئی۔

اس حادثے کے وقت ہال میں ریاستی گورنر سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اب تک ملبے تلے سے کم از کم 160 نعشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ نائیجیرین حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ریاست اکوا ابم کے گورنر بھی دیگر افراد کے ہمراہ چرچ میں موجود تھے تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ واقعہ کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں عمارت گرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ملک بھر میں ہر سال کئی عمارتیں گرنے کے واقعات میں سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں، حادثات کی وجہ عمارتوں کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال ہے لیکن افریقی ملک میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے باعث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔

متعلقہ عنوان :