لاہور :پنجاب میں دھند کا راج ، مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق

شجاع آباد میں کار نہر میں گرنے سے 6 ، وہاڑی میں ٹرالی کی ٹکر سے 2 ، سلانوالی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی حادثات میں 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے

اتوار 11 دسمبر 2016 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء) پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حادثات کئی افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شجاع آباد میں شدید دھند کے باعث کالی پل کے قریب ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

نہر سے تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

(جاری ہے)

بد قسمت خاندان ملتان سے شجاع آباد آ رہا تھا۔ ایک اور حادثہ وہاڑی کے قریب پیش آیا جہاں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سلانوالی کے قریب دھند کے باعث سرگودھا روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو کچل دیا جس سے دونوں ہی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی دو مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ شدید دھند کے باعث نارووال میں بھی بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں 4 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :