شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار94سال کے ہوگئے

اتوار 11 دسمبر 2016 13:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء)فن کی دنیا کے شہنشاہ دلیپ کمار 94سال کے ہوگئے۔ اپنے دور میں انہیں جذبات کا شہنشاہ کہا جاتا تھا، کروڑوں دلوں پر کئی دھائیوں تک راج کرنے والے اس لیجنڈ اداکار نے اپنے پورے خاندان کے ہمراہ 1997میں اپنے آبائی شہر پشاور کا دورہ کیا تھا۔ٹریجڈی کنگ کے نام سے مشہور یوسف خان المعروف دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو محلہ خدادادقصہ خوانی پشاور میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

ان کا بچپن اسی شہر کی گلیوں میں گزرا اور یہی یاد انہیں بار بار یہاں کھینچ لاتی رہی۔ اپنی بیگم سائرہ کو بھی اپنے محلے کی سیر کرائی اور پرانی یادیں تازہ کرتے رہے۔دلیپ کمار نے اپنے دورہ پشاور کے دوران تاریخی قلعہ بالاحصار کی سیربھی کی۔بینڈ باجے پر پشتو کی مسحورکن دھن پر دلیپ اور سائرہ نے رقص بھی کیا اور بالائی حصار کی چھت سے اپنی جائے پیدائش کا نظارہ بھی کرتے رہے۔ اپنے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں ٹوٹی پھوٹی پشتو اور ٹھیٹ ہندی بول کر شرکاء کے دل موہ لئے۔