اسلام سے دوری او ر بہترین تعلیم وتربیت کے فقدان کی وجہ سے معاشرہ میں بیگاڑ پیدا ہو رہا ہے‘وزیر امداد باہمی

مرداور خواتین کے اسلام میں مساوی حقوق ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ایک دوسرے کااحترام کریں‘ اقبال چنڑ

اتوار 11 دسمبر 2016 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ اسلام سے دوری او ر بہترین تعلیم وتربیت کے فقدان کی وجہ سے معاشرہ میں بیگاڑپیدا ہو رہا ہے ۔جس کی بنا پر سوسائٹی میں خواتین پر تشدداور دیگر افسوسناک واقعات رونما ہورہے ہیں۔وہ محکمہ سوشل ویلفیئر دارالامان برائے خواتین میں خواتین پر ہونے والے تشدد کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفتاب پیرزادہ ، سپرنٹنڈنٹ دارالامان سحر صدیقہ، مسز سعدیہ نعمان حقی،پروفیسر ڈاکٹر منیر اظہر ،سینئر سوشل ویلفیئرآفیسر یاسین بلوچ، محمد عزیر ،سوشل ویلفیئر افسران ، سماجی تنظیموں کے عہدے داران ، خواتین اوردارالامان میں مقیم خواتین موجود تھیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر امداد باہمی نے کہا کہ اسلام میں مرداور خواتین کے مساوی حقوق ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ایک دوسرے کااحترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں خواتین کو حقوق دئیے گئے ہیں۔ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے عورت کا ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے حوالہ سے تقدس قائم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرکے خواتین اپنے حقوق باآسانی حاصل کرسکتی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میاں اور بیوی کا رشتہ نازک، پاک اور بہت اہم ہے۔

وہ آپس میں ہم آہنگی اور اچھا سلوک قائم رکھیں اور اپنے گھر کا ماحول خوشگوار بنائیں تاکہ ان کے بچوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔ انہوں نے خواتین پر تشدد اور خواتین کے حقوق کے حوالہ سے پیش کیے گئے خاکہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن عہد کرنا ہوگا کہ ہر شخص دوسرے کے حقوق کا احترام کرے گا۔سپرنٹنڈنٹ دارالامان سحر صدیقہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ میں تشدد کا شکار اور گھریلو مسائل سے دوچار خواتین رہائش پذیر ہیں جنہیں بہتر ماحول میں تعلیم ،علاج معالجہ، خوراک اور قانونی مشاورت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹرمنیر اظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین پر تشدد کے واقعات نہایت افسوسناک ہیں۔ گھریلو جھگڑوں کے خاتمہ کے لیے ضروری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے واقعات سے خاتون جسمانی اور ذہنی صعوبت کا شکار ہوتی ہے جس سے معاشرہ پربہت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔پروفیسر نورین انجم نے ’’عورت کا نصیب‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا اور خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب سے ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر محمد عزیز ، سماجی رہنما دیپ، اور سینئر سوشل ویلفیئر آفیسر یاسین بلوچ نے بھی اظہار خیال کیا۔ بعدازاں صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے دارالامان میں مقیم خواتین اور ان کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :