عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے اختیارات کا عمل عوامی نمائندوں کو منتقل کیا جا رہا ہے‘ وزیر بلدیات

جھوٹ فریب ، الزام تراشی کرنیوالوںکی منفی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے از خود بردباد ہو گئی ،عوام نے افراتفری اور انتشار کی سیاست کو مستردکر دیا محمد منشاء اللہ بٹ کی بلامقابلہ منتخب میئرز، ڈپٹی میئرز،چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد

اتوار 11 دسمبر 2016 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے مختلف شہروں سے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے میئرز، ڈپٹی میئرز، ضلع کونسلوں و میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ہر قسم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لئے اختیارات کا عمل عوامی نمائندوں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔

منتخب ہونے والے چئیر مین عوامی خدمت کے سفر میں عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے بلدیاتی ادارے شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا موثر نظام ہے اور ان اداروں کے قیام سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی سطح پر ترقی کا عمل مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )نے بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی یہ شاندار کامیابی عوام کا پارٹی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔

انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت میں جت جائیں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں کیونکہ عوام نے بلدیاتی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ اس پر ہر صورت پورا اترنے کیلئے اپنا آرام قربان کرکے عوام کی خدمت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں شرافت، خدمت، دیانت، امانت اور شفافیت کی سیاست کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرا کر حکومتی پالیسیوں کی بھرپور تائید کی ہے۔

جھوٹ ، فریب اور الزام تراشی کرنے والے شکست خوردہ عناصر کی منفی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گئی ہے اور جو لوگ انتشار پھیلانا چاہتے تھے آج ان کی منفی سیاست خود انتشار کی نذر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ افراتفری یا انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ ملکی ترقی کے پروگرام میں روڑے اٹکانے والے یہ عناصر اپنے مذموم عزائم میں پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔