انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:50

فیصل آباد ۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ضلعی محکمہ سماجی بہبود کے اشتراک سے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک منعقدہوئی جس کی قیادت ڈی او (سی)آفتاب احمد،ایم این اے بیگم خالدہ منصور،ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل،فاطمہ فریحہ،ای ڈی کمیونٹی ڈویلپمنٹ خالد بشیر اور ڈی او سوشل ویلفیئر چوہدری محمد اشرف نے کی۔

واک میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،بینظیر بھٹو ہیومن رائٹس سنٹر فار وومن سے وابستہ خواتین،این جی اوز کے نمائندوں اور مختلف شعبوں سیتعلق رکھنے والی دیگر خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر خلیق قریشی روڈ سے گزرتی ہوئی چوک کچہری بازار میں اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے بڑے بڑے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر عورتوں کے حقوق اور عورتوں پر تشدد کے خلاف نعرے درج تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی او(سی)آفتاب احمد نے کہا کہ دین اسلام ہمیں انسانیت کی بھلائی کادرس دیتا ہے لہذاانسانی حقوق کے تحفظ کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے متعدد اصلاحی و قانونی اقدامات کئے ہیں جبکہ انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے بھی ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ایم این اے بیگم خالدہ منصور نے کہا کہ حکومت خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے اوران کی فلاح بہبود کیلئے انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاہم بہتر نتائج کے حصول کیلئے معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی منانے کا مقصد معاشرے کو انسانیت کے احترام سے بخوبی ادراک کرانا ہے۔ ممبران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل اور فاطمہ فریحہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عورتوں کی بھلائی کیلئے منصفانہ اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں حقوق نسواں ایکٹ کا نفاذ انقلابی قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف نفرت اجاگر کرکے معاشرتی اصلاح کیلئے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کی کوششوں کو مزید تیز ہوناچاہیئے۔واک کی شریک خواتین نے عورتوں پرتشدد نامنظور کے نعرے لگائے اور خواتین کی ترقی و تحفظ اور انسانی حقوق کی پاسداری کے سلسلے میں حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔