ملک محمد اشرف اعوان کی نو منتخب میئر اور ڈپٹی میئر کو مبادکباد

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:50

سیالکوٹ ۔10دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء)چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ ملک محمد اشرف اعوان نے سیالکوٹ کے بلا مقابلہ نو منتخب میئر توحید اختر چوہدری اور ڈپٹی میئر چوہدری بشیر احمد کو کامیاب ہونے پر مبادکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری توحید اختر پارٹی کا اثاثہ ہیں ۔ ان کی پارٹی کے لئے خدمات قابل قدر ہیں جنہیں پاکستان مسلم لیگ(ن) قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) نے میئر کا ٹکٹ جاری کر کے عوام کا مطالبہ پورا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب میئر سیالکوٹ توحید اختر چوہدری عوام کی خدمت میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ عوام کی خدمت کا جذبہ ان میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ۔ چوہدری توحید اختر درد دل رکھنے والے انسان ہیں جنہوں نے پارٹی کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں آج ان ہی قربانیوں کی وجہ سے انہیں بلا مقابلہ میئر منتخب کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اور عوام کی خدمت کے لئے کوئی کسر باقی نہ رکھیں گے ۔ ہماری حکومت کامیابی کے ساتھ عوامی مسائل حل کر رہی ہے اور مخالفین کوماسوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہو گا ہمارا ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا ۔