پنجاب حکومت نئے بلدیاتی نظام کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل مہیاکرے گی،صوبائی وزیر بلدیات

ہفتہ 10 دسمبر 2016 23:50

سیالکوٹ ۔10دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ 31دسمبر سے صوبہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کا آغاز ہوگا جس سے مسلم لیگ ن کااختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عوام سے کیا گیا ایک اوروعدہ پورا ہوجائے گا۔نئے بلدیاتی نظام کو موثر اور کامیاب بنانے کیلئے پنجاب حکومت بلدیاتی اداروں کو ہر ممکن وسائل مہیاکرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نومنتخب میئر و ڈپٹی میئر کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے تاکید کی کہ وہ عوام الناس کو معیاری شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری اور جانفشانی سے انجام دیں اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نئے بلدیاتی نظام سے شہریوں کو صفائی ستھرائی، واٹر سپلائی ، سیوریج اور آمدورفت کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی ۔ انہو ں نے کہا کہ سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے میئر اور ڈپٹی میئر کا بلا مقابلہ منتخب ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ شہر اقبال کے باسی میاں محمد نوا ز شریف کی پالیسوں کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع سیالکوٹ میں خواجہ محمد آصف کی قیادت میں مسلم لیگ ن متحد ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کا بلا مقابلہ منتخب ہونا سیالکوٹ کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں سیالکوٹ کی ترقی کی منازل تیزی سے طے کررہا ہے او ر ترقی کا یہ سفر جاری ساری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :