افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 64شدت پسند ہلاک ، اسلحہ اورگولہ بارود بھی تباہ

طالبان نے 4شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں گولی مار قتل کردیا

ہفتہ 10 دسمبر 2016 16:04

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) افغان سیکورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 64شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ شدت پسندوں کا اسلحہ ،گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا ، طالبان نے 4شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں گولی مار قتل کردیا۔ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی اور مغربی افغانستان میں مختلف فضائی کاروائیوں میں 14عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ فرح کے ضلع بالا بولوک میں فضائی حملے میں 12عسکریت پسند مارے گئے ۔ہلمند صوبے کے ضلع نحر سراج میں ایک اور فضائی کاروائی میں 2شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فضائی کاروائیوں میں شدت پسندوں کا اسلحہ ،گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

جنوبی صوبہ قندھار میں سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں 50شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔

افغان آرمی کی 205ویں اٹل کور کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان آرمی کی سپیشل فورسز کے قندھار کے ضلع نش میں ’’شفق ٹو‘‘ کے نام سے کیے جانے والے خصوصی آپریشن کے دورنا 50شدت پسند مارے گئے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جھڑپوں کے دوران بھاری اسلحہ بھی استعمال کیا گیا ۔ادھر صوبہ پروان میں طالبان نے 4شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں گولی مار قتل کردیا۔متاثرہ افراد ضلع سیاگرد کے گائوں دارا سیدن کے رہائشی تھے ۔

متعلقہ عنوان :