اینٹی کرپشن اینڈ نارکوٹکس ایسوسی ایشن خانیوال کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف عالمی دن کے موقع پرسیمیناراورواک کاانعقاد

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:47

خانیوال۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) محکمہ اینٹی کرپشن خانیوال اور اینٹی کرپشن اینڈ نارکوٹکس ایسوسی ایشن خانیوال کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ جناح لائبریری ہال میں ’کرپشن کے خلاف عالمی دن ‘کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وکلاء ‘اساتذہ ‘سرکار ی ملازمین ‘ڈاکٹرز سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر خانیوال لیاقت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر ہم سب عملی طور پر کرپشن کو ختم کرنے کا سچے دلوں کے ساتھ عہد کریں اور کرپشن کو فروغ دینے والے عناصر کا خاتمہ کرکے اس معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے میں اپنا اہم کردار ادا رکریں تاکہ ہمارا ملک مزید ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرفراز حسین گیلانی نے کہا کہ کرپشن کو جڑوں کی بجائے سروں سے ختم کرنا ہوگا مایوسی کی کوئی بات نہیں ہے اور نہ ہوگی لیکن فکر وعمل کو اپنی زندگی میں اپنانا ہوگا نیک نیتی کو شعار بناکر وقت کی شاخ کو میرے دوست ہلانا ہوگا اور یہی آج کا میرا پیغام ہے کہ کرپشن کے خلاف ڈٹ جائو اور اس زنجیر کو مل کر توڑ دیں گے تو دنیا و آخر ت کی زندگی آسان ہوجائیگی ۔

شیخ محمد جہانگیر نے کہا کہ کرپشن کیخلاف ہم سب کو ایک ہو جانا چائیے اور گراس روٹ لیول تک کرپشن کے خاتمہ تک متحد ہوکر اپنی اپنی کاوشیں جاری رکھیں اور کرپشن کی نشاندہی بروقت کرکے اچھے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں ۔ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ندیم خٹک نے کہاکہ کرپشن کیخلاف عوام الناس میں شعور و آگاہی فراہم کرنے کیلئے اسی طرح کے سیمینارز مزید منعقد کیے جائیں تاکہ عوام کو محکمہ انٹی کرپشن کے حوالہ سے معلومات مل سکیں اور وہ کرپشن کے خاتمہ میں اپنا فرض نبھا سکیں ۔

جاوید گوندل ایڈووکیٹ نے کہاکہ کرپشن ایک ایسا لفظ ہے جو ہم سب جانتے ہیں مگر یہ ایک ناسور ہمارے ملک کے اداروں کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے ‘کرپشن کیخلاف علم اٹھانا بہت مشکل ہے لیکن یہ وہ کرسکتا ہے جو خود کرپٹ نہیں ہوگا ۔ڈاکٹر عابد نیر ‘علی گوہر اور سلیم اختر قریشی نے کہاکہ آج ہم اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر عہد کریں کہ اپنے ملک کو کرپشن کی لعنت سے بچانے کے لیے اپنے تمام تر صلاحیتیں وقف کردیں گے کیونکہ رشوت کی لعنت سے ہمارا معاشرہ کمزور ہو رہا ہے پوری قوم کو متحد ہوکر اس ناسور کو ختم کرنے میں اپنا پنا حصہ ڈالنا ہوگااسی میں ہمارے ملک کی بقاء پوشیدہ ہے ۔

بعدازاں ایک واک جناح لائبریری سے ٹی چوک تک منعقد ہوئی شرکاء واک نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کرپشن کیخلاف تحریریں درج تھیں ۔

متعلقہ عنوان :