طیارہ حادثہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، ایسے واقعات کا سدباب ہونا چاہئے اور تمام طیاروں کا جائزہ لینے کے لئے ایک بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم بلوائی جائے ،مولانا فضل الرحمن کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، ایسے واقعات کا سدباب ہونا چاہئے اور ایک بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم بلوائی جائے جو تمام طیاروں کا جائزہ لے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ خود مجھے ایئر پورٹ پر کچھ عرصہ قبل چار گھنٹے انتظار کرایا گیا لیکن پرواز کے بعد پھر طیارہ خراب ہو گیا جسے دبئی اتار لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں سمیت اہم سکالر ان حادثوں کا شکار ہو رہے ہیں اب سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والے اقلیتی بل کو تمام جماعتوں نے مسترد کر دیا ہے جبراً کسی کو مسلمان نہیں بنایا جا سکتا۔

(جاری ہے)

18 سال کے جوان شخص کو تو کیا کسی بوڑھے شخص کو بھی جبراً مسلمان نہیں بنایا جا سکتا لیکن کسی کو اسلام قبول کرنے سے روکنا بھی جبر ہے جو ناقابل قبول ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ نرم اور دوستانہ تعلقات رکھنے کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ افغان مہاجرین کے مسئلے میں حساسیت تھی جس طرح کے پی کے حکومت نے اس سلسلے میں پالیسی اختیار کی اس سے بدمزگی پیدا ہوئی۔ اب وفاقی اور صوبائی حکومت نے اس مسئلے میں یکساں حکمت عملی طے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں بھی مہاجرین مقیم ہیں لیکن وہاں انہیں قوانین کے تابع بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رویوں سے ہی جمہوریت مستحکم ہو گی ، پیپلز پارٹی کے چار نکات سے اتفاق نہیں کرتا اور نیشنل سیکورٹی کمیٹی قائم کرنے کا مخالف ہوں۔ تحریک انصاف کی پالیسیاں ناکامی کا شکار ہیں۔ اس طرز سیاست پر ان کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جنیدجمشید سمیت طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بخشش فرمائیں۔ نماز جمعہ کی امامت کے بعد انہوں نے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے خصوصی دعا کرائی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمن سے محفوظ فرمائے۔ اس موقع پر ملک میں باران رحمت کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :