سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق آئل ٹینکرز کی مقررہ وقت پر ذوالفقار آباد ٹینکرز ٹرمینل منتقلی یقینی بنائی جائے، میئر کراچی

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق آئل ٹینکرز کی مقررہ وقت پر ذوالفقار آباد ٹینکرز ٹرمینل منتقلی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی شخص یا ادارے کو ٹرمینل کی حدود میں کرائے پر یا کسی بھی مقصد کے تحت زمین حوالے نہ کی جائے نہ ہی وہاں تجاوزات قائم کرنے کی اجازت دی جائے، یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیںجس کے دوران 12 دسمبر 2016 ء تک شہر کے مختلف علاقوں سے آئل ٹینکرز کی ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل منتقلی کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ مختار حسین، ایس ایس پی سائوتھ، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے اجلاس کے دوران ٹرمینل کے تمام جاری کاموں کی کسی ذمہ دار افسر کے ذریعے نگرانی کی ضرورت پر زور دیا جبکہ اس منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مشیر مالیات کو اشد ضروریات کے لئے ضروری فنڈز بھی مہیا کرنے کو کہا، اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ نے میئر کراچی کو ٹرمینل کے ان کے گزشتہ دورے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام تر ضروری انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں اور اب کے ایم سی کی طرف سے آئل ٹینکرز کی منتقلی میں کوئی تاخیر نہیں ہے ، اجلاس میں کمشنر کراچی کے نمائندے نے بتایا کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے ساتھ تین چار میٹنگز ہوچکی ہیں تاہم وہ ٹرمینل میں اپنے ٹینکرز منتقل کرنے کی آمادگی ظاہر نہیں کررہے اور وہ مختلف مسائل کو جواز بنا رہے ہیں، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ نے سیکورٹی اداروںکے اہم کردار کے حوالے سے بتایا کہ رینجرز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اس سلسلے میں مستقل رابطہ ہے اور یہ تمام ادارے آئل ٹینکرز کی منتقلی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل میں ہرممکن مدد کررہے ہیں ، اجلاس میں شریک ایس ایس پی سائوتھ نے یقین دلایا کہ سندھ پولیس پولیس چوکیوں کے قیام ، گشت اور ٹریفک پولیس کے انتظام سمیت ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کے لئے تمام تر ضروری سہولیات فراہم کرے گی، اس موقع پر میئر کراچی نے میونسپل کمشنر سے کہا کہ اس منصوبے پر سٹی وارڈنز کی تعیناتی، ایمبولینس اور آگ بجھانے کے آلات کی دستیابی سمیت روزمرہ اخراجات کے لئے فنڈز کی فراہمی کے لئے اقدامات کریں، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ آئل ٹینکرز ٹرمینل میں فی ٹینکر یومیہ ایک ہزار روپے پارکنگ وصول کی جائے گی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پارکنگ فیس کی ادائیگی کے حوالے سے متعلقہ معاملات میں آئل کمپنیز کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا جس کے لئے سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ آئل کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سے رابطہ کریں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ وہ جلد ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کا دورہ کرکے سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی حتمی تاریخ سے قبل آئل ٹینکرز کی منتقلی کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :