حضرت پیر مکی ؒ کے 826 ویں عرس کی سالانہ تقریبات شروع، صوبائی وزراء بلال یاسین اور زعیم حسین قادری نے رسم چادر پوشی ادا کی

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:09

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات ہمیں انسانیت کی خدمت ، محبت اور رواداری کے جذبے کو فروغ دینے کادرس دیتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے عدم برداشت ،جہالت اور تعصب کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے حضرت پیر مکی ؒ کے 826 ویں عرس کے موقع پر دو روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزار پر چادر پوشی کی اور مزار پر آئے ہوئے لوگوں میں لنگر تقسیم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ اور صوفی بزرگوں کی زندگی ہمیں سادگی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں ۔ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہمیں انفرادی اور اجتماعی رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی ۔ صوبائی وزیر نے مزار پر چادر پوشی کی تقریب کے بعد پی آئی اے حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کے بلند درجات کے لئے بھی دعا کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید زعیم حسین قادری ، سیکرٹری اوقاف ، ڈی جی اوقاف اور چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف موجود تھے ۔