انضمام الحق ہائی پرفارمنس کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح کرکے خوشی ہوئی ہے ،لاہور کے بعد دوسری اکیڈمی ہے جہاں نوجوان کرکٹرز کو تربیت کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی ،چیئرمین پی سی بی شہریار کا تقریب سے خطا ب

جمعرات 8 دسمبر 2016 22:24

انضمام الحق ہائی پرفارمنس کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح کرکے خوشی ہوئی ہے ،لاہور ..
لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے ملتان میں انضمام الحق ہائی پرفارمنس کرکٹ اکیڈمی کا افتتا ح کردیا،اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ،مدثر نذر ،علی ضیاء ،چیف سلیکٹر انضمام الحق ،مشتاق احمد ،کرکٹر شبیر احمد ،منظور الٰہی ،ظہور الٰہی ،ملک بشیر ،ریجنل کوچز و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔

چیئرمین نے کہاکہ انضمام الحق کی کرکٹ کے لئے خدمات کے پیش نظر انضمام الحق کے نام سے موسوم سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر اکیڈمی کا افتتاح کرنے پر خوش ہوں ۔لاہور کے بعد دوسری اکیڈمی ہے جہاں نوجوان کرکٹرز کو تربیت کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی ۔ سدرن پنجاب کے کرکٹرز کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس طرح کی کرکٹ اکیڈمیاں بناکر دور دراز علاقوں میں کرکٹ ڈویلپمنٹ کے مشن کے لئے کوشاں ہے اور جلد ہی کراچی میں بھی ایسی اکیڈمی بنے گی۔

(جاری ہے)

شہر یار نے اکیڈمی کے پلیئرز بلاک کا نام ملتان سے تعلق رکھنے والے سابق نوجوان کرکٹر عامر بشیر مرحوم کے نام سے موسوم کیا۔عامر بشیر ملتان کے باصلاحیت کرکٹرتھے ۔ اس موقع پرڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر نے شرکاء کو اکیڈ می کے حوالے سے ہونے والے کام کے بارے میں بریفنگ دی ۔انہوں نے کہاکہ دو انڈر 19کرکٹ ٹیموں کے اکیڈمی میں قیام اور دو ہفتوں کے ہائی پرفارمنس کیمپس کے انعقاد کے بعد اکیڈمی فعال ہوچکی ہے۔

اکیڈمی میںایک وقت میں 40کرکٹرز اور سٹاف کا قیام ممکن ہے ۔اس موقع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ملتان کی اکیڈمی کو ان کے نام سے موسوم کرنے پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا اور کرکٹ کے فروغ کے لئے ان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ ملتان کی اکیڈمی نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں میں نکھار لائے گی تاکہ وہ انٹرنیشنل سطح پر ملک کے لئے خدمات سر انجام دے سکیں ۔بعد ازاں چیئرمین پی سی بی نے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ۔