سندھ کے حکمران اپنی عاقبت کی فکر کریں ،ڈاکٹرابوالخیرمحمدزبیر

غیر مسلموں کے اسلام قبول کرنے پرعمر کی پابندی قرآن وسنّت کے اصولوں کے خلاف ہے، حکمران ٹولہ قرآن وسنّت سے روگردانی کے ساتھ ساتھ ملک کے آئین کی خلاف ورزی بھی کررہاہے مذہبی جماعتوں سے مل کر احتجاجی تحریک چلانے پر غورکررہے ہیں، نظام مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب

جمعرات 8 دسمبر 2016 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) قائد جمعیت ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیرنے کہاہے کہ سندھ کے حکمران اپنی عاقبت کی فکر کریں ،غیر مسلموں کے اسلام قبول کرنے پرعمر کی پابندی قرآن وسنّت کے اصولوں کے خلاف ہے،حکمران تاریخ اسلام اٹھاکر دیکھیں حضرت علی ؓ سمیت متعدد صحابہ ء کرام نے کمسنی میں اسلام قبول کیااور حضوراکرم ﷺ نے ان کو اپنے دامن میں جگہ دی ، پاکستان جو ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے جہاں کا آئین کہتاہے کہ ملک میں قرآن وسنت کے منافی کوئی قانون نہیں بن سکتالیکن حکمران ٹولہ قرآن وسنّت سے روگردانی کے ساتھ ساتھ ملک کے آئین کی خلاف ورزی بھی کررہاہے،جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل غیر اسلامی اور متنازعہ قانون سازی پر خاموش نہیں بیٹھیں گی، دیگر مذہبی جماعتوں سے مل کر احتجاجی تحریک چلانے پر غورکررہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے جمعیت علماء پاکستان سندھ کے زیراہتمام منعقدہ نظام مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔کانفرنس سے پیرمیاں عبدالمنان آف بھرچونڈی شریف، صوبائی صدر علامہ سید عقیل انجم قادری،سینئرنائب صدر صاحبزادہ مفتی افتخارعباسی،جنرل سیکریٹری صاحبزادہ میاں منیر احمدجامی،ضلع شکارپورکے صدر مولانامحمدیوسف،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا محمد اسلم لانگاہ،ضلع لاڑکانہ کے صدر مولاناعلی شیر جتوئی، واحدبخش بھٹو، مولانابشیر ،مولاناامین سرکی، گھنورعلی قادری، مولاناشاہنوازبگھیوودیگرنے بھی خطاب کیا۔

صاحبزادہ ڈاکٹرابوالخیرمحمدزبیر نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان ہمارے اسلاف نے اس لئے نہیں بنایاتھاکہ حکمران طبقہ اپنی من مانیاں کرتارہے، ملک کی اکثریت کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں لیکن سندھ کے حکمرانوں کو بے جا قانون سازی کی پڑی ہوئی ہے، سندھ اسمبلی میں جس طرح محض سات منٹوںمیںاقلیتی بل منظورہواہے اس سے دال میں کچھ کالامحسوس ہوتاہے اور صاف پتہ چلتاہے کہ بیرونی ایجنڈے پر آنکھ بندکرکے تمام اراکین اسمبلی نے ایک ایسے متنازعہ اور غیر اسلامی بل کو پاس کیاہے جس کو سات منٹوں میں پڑھنابھی مشکل ہے کجایہ کہ اس پر غوروخوص کیاجائے۔

ڈاکٹرابوالخیر محمدزبیر نے کہاکہ حکومت سندھ اقلیتی بل کو فوری طورپر واپس لے اور قوم کو یقین دلائے کہ اس قسم کی کوئی قانون سازی نہیں ہوگی بصورت دیگر تمام مذہبی جماعتیں اپنے مشترکہ لائحہء عمل کا اعلان کریں گی۔

متعلقہ عنوان :