شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں‘ شہباز شریف

شفافیت کے فروغ، کرپشن کے خاتمے اور بہتر خدمات کی فراہمی کی پالیسی کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے رشوت ستانی کے خاتمے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے،پنجاب حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، ترقیاتی منصوبے شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں‘انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعرات 8 دسمبر 2016 21:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کسی بھی ملک و قوم کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہوتی ہے، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت کے ساتھ مل جل کر جدو جہد کرنا ہو گی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیاہے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے،ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اور نہ ہی کوئی ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام لگا سکتا ہے، رشوت ستانی اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے، حکومتی امور میں شفافیت، کرپشن کے خاتمے اور بہتر خدمات کی فراہمی کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے اورپولیس سمیت تمام تر بھرتیاںصرف اورصرف میرٹ کی بنیاد پرکی گئیں ہیں اورکوئی بھرتی کے شفاف عمل پر انگلی نہیں اٹھاسکتا ،جو لوگ میرٹ پرآتے ہیں وہی کرپشن سے دور رہتے ہیں اورمیرٹ کی حکمرانی کو یقینی بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

میرٹ پر بھرتی ہونے والے ہی کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں اپنا بھر پور کردارادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد بد عنوانی کا عالمی د ن منانے کا مقصد عوام میں کرپشن کیخلاف شعور بیدار کرنا اور کرپشن کے منفی نتائج سے آگاہ کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نے ہر سطح پر شفافیت ومیرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور ان اقدامات کے باعث حکومتی اموراور سروس ڈلیوری میں بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور تمام بڑے ترقیاتی منصوبے شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

موجودہ حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ کرپشن کا ایک بھی سکینڈل اس کے دامن پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معروف امریکی جریدے ’’فارن پالیسی‘‘ میں کرپشن، بدعنوانی اور اقربا پروری کے بارے میں شائع ہونے والی رپورٹ اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قابل ستائش اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر نیک نیتی اور اخلاص کے ساتھ کسی بھی منزل کے حصول کیلئے کام کیا جائے تو کوئی پہاڑ یا سمندر بھی راستے میں حائل نہیں ہوسکتا۔

وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو کرپشن سے پاک کرنے اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور ملک تیز رفتاری سے آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، برق رفتاری سے تکمیل اور معیار پنجاب حکومت کی پہچان بن چکا ہے۔ کفایت شعاری کی پالیسی اور سخت مالیاتی ڈسپلن کے تحت بچائے گئے اربوں روپے بھی صوبے کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر کرنے کے منصوبوں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کرپشن کے ناسور کے خاتمے کے معاشرتی فرض سے نبردآزما ہونے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیئے اور کرپشن و بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں میں تمام طبقات کو حکومت کا ہاتھ بٹانا چاہیے