جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی کا حویلیاں طیارے حادثے پر اظہار افسوس، سوگوار خاندانوں سے ہمدردی

قومی ائیر لائن پی آئی اے کی زبوں حالی ، ناقص طیاروں کے استعمال کے ذ مہ داروں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ حکمرانوں کی ترجیحات سے ثابت ہوگیا،ان کی ترجیح عوام نہیں، اقتدار کا تحفظ ، تعزیتی بیان

جمعرات 8 دسمبر 2016 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2016ء)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے حویلیاں طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قومی ائیر لائن پی آئی اے کی زبوں حالی او ر ناقص طیاروں کے استعمال کے ذ مہ داروں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک طرف پانامہ لیکس میں حکمرانوں کی عیاشیوں اور مالی بے قاعدگیوں کے چرچے ہیں تو دوسری طرف عوام پس رہے ہیں۔

پی آئی اے کو عروج کی بلندیوں پر پہنچانے کے دعوے کہاں گئے۔چترال سے اسلام آباد جانے والے طیارے میں جاں بحق 48۔ افراد کی وفات پرسوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے تعزیتی بیان میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پی آئی اے کو تباہ کرنے کا الزام موجودہ حکومت سابقہ حکومت کو دیتی رہی ہے اور اب تک دعوے کئے جاتے رہے ہیں کہ قومی ائر لائن کو ترقی دلائی جارہی ہے، مگر زمینی حقائق یہی ہیں کہ کچھ عرصے بعد ایسا کوئی حادثہ رونما ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کی صورت حال نجی ائرلائنز کی ہے،ملتا ن ، اسلام آباد اور دیگر متعدد مقامات پرہونے والے حادثات ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مگر اس پر کوئی توجہ دی گئی ہے اور نہ ہی حکمرانوں کی ترجیحات بدلی ہیں۔جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں، اقتدار کا تحفظ اور بچاو ہے۔ حکمرانوں کے ان رویوں سے عوام کو خاصی مایوسی ہوئی ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے مطالبہ کیا کہ انجینئرز نے طیارے کی مرمت کی سفارش کی گئی تھی تو کس نے چلانے کی اجازت دی،اس پر تحقیقات ہونی چاہیں۔