پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں، تمام فیصلے کچن کیبنٹ میں ہورہے ہیں ،600سے زائدملیں بندکرنے سے بیروزگاری میں اضافہ ہوگا،جعلی ادویات بنانے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے

امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکی عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 8 دسمبر 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ حکمرانوں کے اقدامات محض دکھاوے اور عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ہیں۔موجودہ دور حکومت میں پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں تمام فیصلے کچن کیبنٹ میں ہورہے ہیں۔مسائل کے انبارلگے ہوئے ہیں ،عوام کی زندگی میں آسائش نام کی کوئی چیز نہیں،رہی سہی کسرحکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں نے پوری کردی ہے۔

صوبہ پنجاب میں600سے زائد بڑی صنعتوں کوگیس کی سپلائی بندکرنے سے بے روزگاری میں اضافہ اور مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ڈنگ ٹپائوپالیسیوں سے عوامی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہاہے۔

(جاری ہے)

ساڈھے تین برس گزر جانے کے باوجود عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف نہیں ملا۔

حکمرانوں کی ترقی صرف اشتہارات تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔غریب،غریب تر اورامیر،امیرہوتاجارہاہے۔قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاجارہاہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والامافیاپوری طرح سرگرم ہے۔لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔وزیراعلیٰ کے احکامات کامذاق بنایاجارہاہے۔

جعلی ادویات کاکاروبار کرنے والے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔عوام کو جعلی ادویات تیار کرنے والے افراد کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑاجاسکتا۔انسانیت کے دشمنوں اور ان کاساتھ دینے والوں کا قلع قمع ناگزیر ہوچکا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جعلی اور مضر صحت ملاوٹ زدہ ادویات کی تیاری ایک گھنائونا جرم ہے مگر بدقسمتی سے اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں۔

ڈرگ ریگولیٹراتھارٹی عملاً غیر فعال ہوچکی ہے۔وزیر اعلیٰ اس گھنائونے جرم میں ملوث افراد کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کریں۔محض چند روپے جرمانہ کردینے سے کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت 12کروڑ افراد کے صوبے میں عوام کی زندگی انتہائی غیرمحفوظ ہوچکی ہے۔جعلی ادویات بنانا سنگین جرم اور ناقابل معافی ہے۔حکومت کو اس مافیاکے خلاف بغیر کسی دبائو کے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :