وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کا مقتولہ سمیرا کے لواحقین سے اظہار تعزیت، انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی

بدھ 7 دسمبر 2016 23:45

رحیم یار خان۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ میاں امتیازاحمد نواحی بستی وارنی کی 13 سالہ لڑکی سمیرا کو زیادتی کے بعد قتل کئے جانے کے واقعہ پر لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے رحیم یار خان میں ان کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے مقتولہ بچی کے والد محمد حنیف اور دیگر عزیز واقارب سے ملاقات کی اور المناک واقعہ پر غم وغصے کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ورثاء کو یقین دہانی کرائی کہ پولیس اس واقعہ کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنا کام کررہی ہے اور کچھ ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اس واقعہ کے تمام محرکات اور حقائق سامنے لاتے ہوئے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر میاں امتیازاحمد نے مقتولہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔