Live Updates

شریف خاندان کے وکلاء نے پانامہ پیپرز کیس کے حوالے سے تمام دستاویزی ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کرا دئیے، تحریک انصاف کے وکیل کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے،وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 7 دسمبر 2016 23:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے وکلاء نے پانامہ پیپرز کیس کے حوالے سے تمام دستاویزی ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کرا دئیے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری پانامہ پیپرز کے حوالے سے کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم محمد نواز شریف پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگائے لیکن ان الزامات کو عدالت میں ثابت نہیں کر سکے کیونکہ ان کے پاس کوئی ثبوت موجود ہی نہیں اور نہ ہی وزیراعظم کے خلاف ان کے الزامات میں کوئی سچائی ہے، وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ لگائے گئے الزامات کے ثبوت بھی عدالت میں پیش کرے، انہوں نے جنید جمشید کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید چترال میں تبلیغ اسلام کے لیے گئے تھے، ان کی ہلاکت ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، انہوں نے جنید جمشید کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور لواحقین کو اس بڑے صدمے کو حوصلے اور ہمت سے برداشت کرنے کی تلقین کی، انوشہ رحمٰن کا کہناتھا کہ میں جنید جمشید کے ساتھ سفر کر چکی ہوں اور مشاہدہ کر چکی ہوں کہ وہ ایک مہربان اور اچھے انسان تھے، انہوں نے کہا کہ جنید جمشید نے کئی نعتیں بھی پڑھیں جنہیں دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے پسند بھی کرتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات