سکولوں کو فرنیچر کی ترسیل کا کام جلد شروع کیا جائے گا ،وزیرتعلیم کی زیرصدارت اجلاس

بدھ 7 دسمبر 2016 23:44

پشاور۔07دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان کی زیر صدارت بدھ کے روز پشاور میں ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں شروع کئے گئے منصوبوں پر کام کی رفتار اور اب تک کی پراگرس کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش،سپیشل سیکرٹری قیصر عالم اور ڈائریکٹر سکولز محمد رفیق خٹک کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایجنڈا کو زیر بحث لاتے ہوئے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سکولوں کو فرنیچر کی ترسیل کا کام جلد شروع کیا جائے گا جبکہ ابتدائی مرحلے میں چار اضلاع کے لئے آئی ٹی لیبارٹری کا سامان حاصل کیا گیا ہے منصوبے کے تحت خیبر پختونخواکے گورنمنٹ ہائی اینڈ ہائیر سیکنڈری سکولوں کیلئے 500آئی ٹی لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

مزید خیبر پختونخواکے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت کھیلوں سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے منصوبے میں تاخیر پر صوبائی وزیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ اس حوالے سے متعلقہ ذمہ داران دو ہفتے کے ا ندر اندر اپنی رپورٹ پیش کریں بصورت دیگر انہیں ہٹا کر نئے کنسلٹنٹ ہائیر کریں۔

صوبائی وزیر نے آئندہ سرکاری سکولوں میں کھیلوں سے متعلق سرگرمیوں کے موقع پر طلباء کے والدین کو بھی مدعو کیاکریں تاکہ نہ صرف طلباء بلکہ والدین کا بھی سرکاری سکولوں پر اعتماد بڑھے۔ اسی طرح گرلز کیڈٹ کالج مردان کا قیام،سمارٹ سکولز،سٹنڈرائزیشن آف ہائیر سیکنڈری سکولز،برٹش کونسل کے تعاون سے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام،سرکاری سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی اور سکول بیسڈ ریکروٹمنٹ سمیت پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی بل جیسے امور پر اب تک ہونیوالی پیش رفت اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں پر تفصیل سے بحث ہوئی اور مختلف منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو سختی سے تاکید کی۔

اجلاس کے شرکاء سے باتیں کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے واضح کیاکہ وہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں لہذا حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شعبہ تعلیم کو دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بنایاجاسکے۔