خانپور،سود خور مافیا کے خلاف بلا امتیاز بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جا رہا ہے، فاروق بجارانی

بدھ 7 دسمبر 2016 23:28

خانپور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)سرکل پولیس آفیسر خان پور اے ایس پی فاروق احمد بجارانی نے کہا ہے کہ خان پور کے پانچوں تھانوں کی حدود میں موجود سود خور مافیا کے خلاف بلا امتیا ز بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں پولیس مدعی کا کردار ادا کرتے ہوئے اس گھنائونے کاروبارمیں ملوث افراد کو سرکاری مہمان بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سود ایک لعنت ہے اور اس کے خاتمہ کے لیے خان پور کے شہری پولیس کے ساتھ نہ صرف تعاون کریں بلکہ ایسے مذموم عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور اجڑتے ہوئے گھروں کو سود کی لعنت سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی تفتیشی افسر نے سود خور کی طرف سے درج کرائے گئے مقدمہ میں کسی بھی سود سے متاثرہ شخص کو ناحق چالان کیا تو اس تفتیشی افسر کے خلاف بھی محکمانہ ایکشن لیا جائے گا ۔