صوبائی حکومت نے صوبے کی تمام سڑکوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر چکی ہے،پرویز خٹک

بدھ 7 دسمبر 2016 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی تمام سڑکوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر چکی ہے اس مقصد کے لئے صوبے کے مغربی علاقوں کو مرکزی حصے کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک مواصلات کی ترقی کے منصوبوں کے لئے بروقت تعاون فراہم کرے گا جو صوبے کی تیز تر معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے سات رکنی وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت بینک کے ڈائریکٹر ژیانگ کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات اکبر ایوب، سیکر ٹری مواصلات آصف خان ، ایم ڈی پختونخوا ہائی وے اتھارٹی انجینئر محمد عزیز اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک صوبائی سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کے تحت صوبائی حکومت کو تعاون فراہم کرے گا۔بینک 15بلین روپے کی لاگت سے صوبے میں 500کلومیٹر طویل مختلف سڑکوں کی بحالی کا کام سر انجام دے گا۔ اس منصوبے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک 85%اور صوبائی حکومت 15%سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سڑکوں کی بحالی کے لئے فراہم کرے گی۔

بینک کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ فنڈز منصوبوں پر کام شروع ہونے ہونے کے فوراً بعد فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے متفقہ منصوبوں کے لئے قرضوں کی فراہمی تیز کرنے میں بھی دلچسپی لی۔ انہوں نے 500کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کے لئے مالی تعاون کی فراہمی کے لئے کاروائی تیز کرنی کی یقین دہانی کی۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کے لئے پہلے ہی تیاری کی ہے کیونکہ ان منصوبوں میں تاخیر قیمتوںمیں اضافے کی صورت میں ادا کرنی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کی مرکزی شاہراہوں کو ایک جامع منصوبے کے تحت ایک دوسرے سے منسلک کرنے کی خواہاں ہے تاکہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کی رفتار میں تیزی آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مواصلات کے منصوبوں میں سست روی برداشت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مواصلات کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنی کی ہدایت کی۔ صوبائی حکومت نے پہلے سے ان منصوبوں کے لئے وسائل مختص کرنے کا عزم کیا ہے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر مالیاتی وسائل کے طریق کار تیز کرنے کا یقین دلایا۔

وفد نے ضلعی سڑکوں کی تعمیر کے لئے بھی قرضہ فراہم کرنے کی نشاندہی کی۔بینک کے ڈائریکٹر نے توانائی اور دوسرے وسائل سے استفادہ کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کی پیش کش کی۔ انجینئر محمد عزیز، ایم ڈی خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی نے صوبوں میںسڑکوں کی بحالی اور تعمیر کے منصوبے کے خدوخال پر تفصیل سے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :