ڈسٹرکٹ جیل گھوٹکی کے قیدیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لیے آر او پلانٹ لگایا جائے گا ، سید اعجاز علی شاہ

یرکوں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور مریض قیدیوں کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں، ڈپٹی کمشنرگھوٹکی کی ہدایت

بدھ 7 دسمبر 2016 23:13

میرپور ماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ جیل گھوٹکی کے قیدیوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے لیے آر او پلانٹ لگایا جائے گا جبکہ تاریخی قلعے ماتھیلو مومل جی ماڑی کے میوزیم اور ریسٹ ہائوس کی ایس این ای کے حوالے سے محکمہ ثقافت کو لکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل گھوٹکی اور تاریخی حیثیت کے حامل ماتھیلو مومل جی ماڑی کا دورہ کرنے کے دوران کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے ڈسٹرکٹ جیل گھوٹکی کا دورہ کرکے قیدیوں سے مسائل معلوم کیے اور جیل سپرنٹینڈنٹ کو ہدایت کی کہ بیرکوں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور مریض قیدیوں کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کو میٹھا پانی نہیں مل رہا جس وجہ سے وہ مشکلات کا شکار ہیں اس لیے جیل میں آر او پلانٹ لگوایا جائے گا تاکہ قیدیوں کو پاک و صاف میٹھا پانی میسر ہو سکے جو کہ ان کی بنیادی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر سیڈا کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ جیل میں آر او پلانٹ یا سولر ٹیوب ویل لگوانے کے حوالے سے رپورٹ تیار کرکے فراہم کی جائے تاکہ جلد از جلد قیدیوں کو میٹھا پانی فراہم کرنے کا بندوبست کیا جاسکے۔انہوں نے قیدیوں کو ہدایت کی وہ جیل میں اپنے رویے بہتر بنائیں اور عبادت کریں ان کے تما م جائز مسائل حل کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر جیل سپرنٹینڈنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ 2008 میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس فراہمی کے لیے پیسے دیے گئے تھے لیکن 8 سال گذرنے کے باجود گیس فراہم نہیں کی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ گیس کمپنی کے عملداروں سے اجلاس کرکے انہیں ہدایت کریں کہ ڈسٹرکٹ جیل کو جلد از جلد گیس فراہم کی جائے ۔

بعد میں ڈپٹی کمشنر ماتھیلو مومل جی ماڑی پہنچے جہاں پر مومل جی ماڑی کمیٹی کے وائیس چیئرمین اختر بخاری نے انہیں بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مومل جی ماڑی کو اجاگر کرنے کے لیے وہ کوشش کریں گے میوزیم سمیت سرکٹ ہائوس کی ایس این ای کی منظوری کے حوالے سے محکمہ ثقافت کو لکھیں گے اس کے علاوہ مومل جی ماڑی کا روڈ بھی تعمیر کروایا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ وہ ضلع گھوٹکی کی ترقی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں عوام کو چاہیے کہ وہ تعاون کرے تاکہ ان کے بنیادی مسائل حل کیے جاسکیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے سول ہسپتال گھوٹکی کے دورہ کے موقع پر کہاکہ ہسپتا ل کی حالت انتہائی خراب ہے مریضوں کو سہولتیں نہیں مل رہی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معلوم نہیںکے حکومت سندھ کی فراہم کردہ بجیٹ کہاں اور کیسے خرچ کی گئی ہے جبکہ اسپتال کی حالت سے معلوم ہو رہا ہے کہ یہاں پر مریضوں کو کسی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی، عمارت توبنی ہوئی ہے مگر صفائی کا کوئی انتطام نہیں ۔

انہوں نے کہا 2 سال کے دوران اسپتال پر جو خرچ کیا گیا اس کی تحقیقات کرائی جائے گی تاکہ معلوم ہو سکے کہ اتنے سارے فنڈز کے باوجود اسپتال کی حالت بہتر کیوں نہیں ہوئی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی کو ہدایت کی کہ وہ اسپتال کے اور خرچ کی گئی بجیٹ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ فراہم کریں ۔ انہوں نے محکمہ صحت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ افسر کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ سول اسپتال گھوٹکی کی حالت کو بہتر بنا کر مریضوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :