نواز شریف اور حسین نواز کے بیانات کے بعد گواہوں کی ضرورت نہیں رہی ، آدھے سے زیادہ کیس ثابت ہو چکا ‘ اعتزاز احسن

وزیر اعظم جواب دیں گلف سٹیل مل دبئی کے لئے پیسہ کہاں سے آیا ‘ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 7 دسمبر 2016 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) پا کستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف اور حسین نواز کے بیانات کے بعد گواہوں کی ضرورت نہیں رہی ، آدھے سے زیادہ کیس ثابت ہو چکا ، وزیر اعظم جواب دیں کہ گلف سٹیل مل دبئی کے لئے پیسہ کہاں سے آیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر دانیا ل عزیز نے یہ بیان دیا ہے کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا تو ان کو کہیں سے اطلاع ہو گئی ہو گی پھر ہی انہو ں نے یہ بات کی ہے ،الزام لگانے والوں پر اب کوئی دوش نہیں بلکہ اب الزام لگنے والوں کو جواب دینا ہے ،نواز شریف اور ان کے بچوں کو علیحدہ نہیں کیا جا سکتا ، حسین نواز تسلیم کرچکے ہیں کہ یہ فلیٹس ان کی ملکیت ہیں، آدھے سے زیا دہ کیس نواز شریف اور حسین نواز کے ایسے بیان سے ثابت ہو چکا ہے ، اب تو فیصلہ بڑی آسانی سے ہو سکتا ہے،گواہوں کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جواب دیں کہ گلف سٹیل مل دبئی کے لئے پیسہ کہاں سے آیا وزیر اعظم کو ایک ایک ٹرانزیکشن کا حساب دینا ہوگا ، جو جدہ سے برطانیہ ٹرانزیکشنز ہوئیں ان سے صرف 3دن میں سارا معاملہ ختم ہو سکتا ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ بہت خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی لیکن آج کی شام کو طیارا حادثے نے المنا ک بنا دیا ، قیمتی جا نوں کے نقصان کا ازالہ تو نہیں کیا جا سکتا ، ہم تو صرف ان کیلئے دعا ہی کر سکتے ہیں۔