ووٹ ایک قومی فریضہ ہے،7دسمبر کو ووٹرز کا قومی دن منانے کا مقصد عوام میں اپنے ووٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح استعمال کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے،

ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) شکیل بلوچ کاکوئٹہ میں تقریب سے خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 22:26

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر جسٹس (ر) شکیل بلوچ نے کہا ہے کہ ووٹ ایک قومی فریضہ ہے جمہوریت کے استحکام اور جمہوری عمل میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے اور آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابی نظام کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان ، پارلیمنٹ کی پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابات کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہا ہے جبکہ آئندہ انتخابات میں ایماندار ، اہل اور دیانتدار آفیسر کو تعینات کرنے اور ان کی ٹریننگ کا مرحلہ جون 2017سے شروع کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے بد ھ کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام قومی ووٹرز ڈے کے مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

تقریب میں صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان با یزید ، شگفتہ اقبال، شازیہ لانگو اور جہاں آراء تبسم سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔ جسٹس (ر) شکیل بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین ووٹرز کی تعداد مرد ووٹرز کے مقابلے میں پانچ لاکھ کم ہے اس لیے نا گزیر ہے کہ خواتین ووٹرز کی تعداد میں اضافے کیلئے سول سوسائٹی اور میڈیا اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے خواتین میں ووٹ کی اہمیت کے متعلق شعور کو اجاگر کریں انہوں نے کہا کہ ووٹ محض ایک کاغذ کی پرچی نہیں بلکہ ایک امانت ہے اور ووٹ کے نتیجے میں ہی جمہوری نظام کو تقویت ملتی ہے انہوں نے کہا کہ فیڈرل الیکشن اکیڈمی کے قیام اور اس میں آفیسران اور سٹاف کی ٹریننگ سے انتخابی عمل میں مزید بہتری آئے گی جبکہ الیکشن کمیشن انتخابی نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک مشین کے استعمال کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرر ہی ہے ۔

جسٹس (ر) شکیل بلوچ نے کہا ہے کہ 7دسمبر کو ووٹرز کا قومی دن منانے کا مقصد عوام کو اپنی ووٹ کی اہمیت اور اس کے صحیح استعمال کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے کیونکہ رائے دہندگان کو آگاہی و شعور دینے سے ہی ہم ٹرن آئوٹ میں اضافہ کر سکتے ہیں تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پڑھنے اور تقاریر کرنے والے طلباء و طالبات کو ٹرافیاں اور کیش پرائز سے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :