ورلڈ ووٹر ڈے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام پاکستان کے اشتراک سے ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

بدھ 7 دسمبر 2016 22:15

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2016ء) ورلڈ ووٹر ڈے کے موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام پاکستان کے اشتراک سے ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سیالکوٹ صہیب احمد رانا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سیالکوٹ مقبول الہٰی، الیکشن کمشنر عدنان سخاوت ، ڈاکٹر خلیل احمد، میاں شکیل ایڈووکیٹ، جاوید تنویر، مشتاق احمد اور اشرف بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ووٹ کا سٹ کر نا محض ضروری نہیں بلکہ ہر شہری کا اولین فرض یہ ہے کہ اس کے ووٹ کی طاقت سے معرض وجود میں آنے والے حکومت ہی عوامی مسائل کے حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہو ۔

پاکستان کا ہر وہ شہری جس کی عمر 18سال یا اس سے زائد ہے وہ ووٹ کا سٹ کرنے کا حق رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

لیکن اس کیلئے ووٹر کی رجسٹریشن ضروری ہے اور اس کیلئے اصل کمپیوٹررائزڈقومی شناختی کارڈ حاصل کرنا لازم ہے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قانون کے مطابق عورتوں، مردوں، نوجوانوں، معذور افراد، خواجہ سراء اور تمام اقلیتوں کو ووٹ دینے کا برابر حق حاصل ہے ۔

تاہم پاکستان میں خواتین ووٹروں کی تعداد مرد ووٹروں کی تعداد سے بہت کم ہے جس کی وجہ اکثر خواتین کے پاس قومی شناختی کارڈ کا نہ ہونا ہے ۔ خاندان کے سربراہ کی یہ قومی ، قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی خواتین کے شناختی کارڈ بنوائیں اور ان کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ ملک میں جمہوریت کو حقیقی معنوں میں فروغ دیا جاسکے ۔

سیمینار کے بعد ایوان صنعت و تجارت سے لے کر کچہری چوک تک واک کی گئی جس میں ممبر تحصیل کونسل نصرت جمشید ملک، چیئرمین این جی او کونسل اشفاق گھمن، شیخ جواد احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز ارشد بٹ، عبدالشکور مرزا، پرنسپل نواز شریف ڈگری کالج برائے خواتین طلعت امتنان اورنثار احمد کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنوں نے شرکت کی ۔