ایبٹ آباد میں ووٹرز کے قومی دن کی مناسبت سے خصوصی آگاہی پروگرام اور واک

بدھ 7 دسمبر 2016 22:03

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) ایبٹ آباد میں ووٹرز کے قومی دن 7 دسمبر کی مناسبت سے خصوصی آگاہی پروگرام اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نمبر 3 ایبٹ آباد میں منعقدہ پروگرام سے ریجنل الیکشن کمشنر عبدالحفیظ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سید عباس علی شاہ، تحصیل ناظم اسحاق سلیمانی، تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر قاضی تجمل حسین، ماہر تعلیم مس اشبر جدون، پرنسپل ضیاء شاہد، پروفیسر تجمل حسین دانش، انسانی حقوق کے نمائندہ مدنی اعجاز جدون کے علاوہ طلباء و طالبات، رچھ بہن سکول کی حفصہ، کمپری ہنسو گرلز سکول کی مائرہ اور میزبان سکول کے سردار معاذ نے خطاب کیا۔

اس موقع پر گرلز کمپری ہنسو سکول کی طالبات نے انتخابی مسائل سے متعلق خاکہ کے علاوہ ’’یوتھ پاکستان کی امید‘‘ کے عنوان سے نغمہ بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

پروگرام کی میزبان مس رفیعہ ناز تھیں جبکہ شرکاء میں مختلف سکولوں کی پرنسپل اور سٹاف کے ساتھ ساتھ میزبان سکول کے طلباء اور گرلز کمپری ہنسو سکول کی طالبات شامل تھیں۔ اس موقع پر ریجنل الیکشن کمشنر عبدالحفیظ نے خطاب میں کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ووٹ کی شرح 90 فیصد جبکہ ہمارے ہاں 40 تا 50 فیصد ہے جس کے سدباب کیلئے الیکشن کمشن کی جانب سے ایک ماہ پہلے نئے ووٹوں کے اندراج اور ووٹروں کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہمی سے متعلق خصوصی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے تحت عوامی شراکت اور آگاہی کیلئے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی جبکہ خصوصی افراد عورتوں اور 18 سال عمر کے حامل نئے ووٹروں کیلئے انتخابی گروپ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2013ء کے دوران آگاہی مہم اور کمیٹیوں کے قیام جیسے کامیاب تجربات کے بھرپور نتائج کے نتیجہ میں ووٹ ڈالنے کی شرح میں 10 تا 15 فیصد اضافہ سامنے آیا اور ووٹوں کی شرح 40 فیصد سے بڑھ کر 55 فیصد تک پہنچی جبکہ پورے ملک میں یہ شرح 51 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی اسی لئے آئندہ انتخابات کیلئے بھی انہی اقدامات پر دوبارہ عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے 18 سال عمر کو پہنچنے والے تمام افراد کو ترغیب دی کہ وہ شناختی کارڈ بنوا کر اپنا ووٹ درج کروائیں اور ایک جمہوری معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے پروگرام کے دوران سامنے آنے والی شکایات ہیڈ آفس پہنچانے اور حل تلاش کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی مس آمنہ سردار کی جانب سے خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواجہ سرائوں کو ووٹ کا حق دیئے جانے پر قرارداد کی مشترکہ منظوری سے حاضرین کو آگاہ کیا گیا۔

تحصیل ناظم اسحاق سلیمانی نے ووٹروں کی تعلیم کی اہمیت اجاگر کی جبکہ تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد نے ووٹ کے استعمال میں عصبیتوں کے خاتمہ کو ضروری قرار دینے کے علاوہ ووٹر فہرستوں میں موجود خامیوں کی نشاندہی کا ذکر بھی کیا۔ ایڈٖیشنل ڈپٹی کمشنر عباس علی شاہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ووٹ تلوار اور گولی کے بجائے حکومتوں کی تبدیلی کا ایک مہذب ذریعہ ہے۔

انہوں نے ووٹروں میں شعور و آگاہی پھیلائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر قاضی تجمل حسین نے اپنی تقریر میںکہا کہ ووٹ کی طاقت سے عوام اپنے لیے صحیح نمائندوں کا انتخاب کر سکتے ہیں انہوں نے محکمہ تعلیم کی جانب سے پہلے کی طرح اب بھی الیکشن کمشن مقاصد کے حصول میں پورے تعاون کا یقین دلایا۔ ماہر تعلیم مس اشبر جدون نے ووٹ کی مذہبی ذمہ داری کی اہمیت اجاگر کی اور ووٹ کے مثبت استعمال کے ساتھ ساتھ منفی پہلوؤں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ۔

خصوصی افراد کی نمائندگی کرنے والے پروفیسر تجمل دانش نے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے بائیو میٹرک یا کوئی اور نظام متعارف کروا کے ووٹوں کی شرح میں 18فی صد تک اضافہ ممکن بنایا جا سکتا۔ مدنی اعجاز نے ووٹ کی ضرورت اور اہمیت اقوام متحدہ کے قوانین کے ذریعے واضح کی اور ووٹر کو حاصل اختیار کی وضاحت کے ساتھ ساتھ ماضی میں ہونے والے انتخابات کا مختصر خاکہ پیش کیا اور صوبہ سرحد کو پاکستان میں شامل کروانے میں اہل ہزارہ کے کردار کا ذکر بھی کیا۔

اس سے پہلے طلباء و طالبات نے ’’میرا ووٹ پاکستان کا مستقبل‘‘ ، ’’میرا ووٹ میری طاقت‘‘ اور ووٹ کی اہمیت سے متعلق تقاریر کیں۔ پروگرام کے اختتام پر ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس کی پروگرام مقررین نے خصوصی بینر اٹھا کرقیادت کی۔ واک نمبر 3 گورنمنٹ ہائی سکول سے شروع ہو کر فوارہ چوک پر ختم ہوئی جس میں سکول کے طلبہ اورکئی دیگر شرکاء بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :