ہمیں کرپشن کے خاتمے کا آغاز اپنی ذات سے کرنا ہو گا، بُرائی کو ختم کرنے کے لئے سچ بولنے کی ہمت پیدا کرنا ہو گی، کرپشن کے ناسور نے ہماری اخلاقی اقدار تباہ کر دی ہیں، عزت کا معیار حرام سے کمایا گیا پیسہ نہیں صرف تقویٰ اور ایمان داری ہے

ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک کاطلباء و طالبات سے خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 20:28

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک نے خود احتسابی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کرپشن کے خاتمے کا آغاز اپنی ذات سے کرنا ہو گا، بُرائی کو ختم کرنے کے لئے سچ بولنے کی ہمت پیدا کرنا ہو گی، کرپشن کے ناسور نے ہماری اخلاقی اقدار تباہ کر دی ہیں۔ عزت کا معیار حرام سے کمایا گیا پیسہ نہیں صرف تقویٰ اور ایمان داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیب بلوچستان کے زیر اہتمام صوبائی سطح کے انٹر کالجز تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا ہمیں کرپٹ عناصر کو معاشرے میں تنہا کر نا ہو گا، انھیں احساس دلانا ہو گا کہ وہ ہمارے لئے قابل قبول نہیںہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے معاشرتی رویوں پر اظہار افسوس کرتے کہا کہ ہمارے ہاں عزت کا معیار بدل رہا ہے، چار گاڑیوں والے کو بغیر اسکے ذرائع آمدن معلوم کئے صرف اس لئے عزت دی جاتی ہے کہ اس کے پاس پیسے کی ریل پیل ہے جبکہ عزت کا معیار توصرف تقویٰ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم اپنے اصلاف کی ان خوبصورت روایات کے امین ہیں جنکی بنیاد پر یہ ملک حاصل کیا گیا تھا۔ جب تک ہم اُن روایات اور اقدار پر عملی طور پر عمل پیرا نہیں ہوتے کرپشن کا ناسور ہماری جڑیں کاٹتا رہے گا۔انھوں نے خود احتسابی کے فلسفے کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں انفرادی طور پر بد عنوانی کے خلاف لڑنا ہو گا۔

معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہو گا تو نظام میں تبدیلی آئے گی۔انھوں نے اُمید ظاہر کی ایسا دن ضرور آئے گا جب رشوت لینے والے کو ببانگ دہل راشی کہا جائے گا اور ایماندار شخص کی عزت چارسو ہو گی۔ڈی جی نیب بلوچستان نے طلباء و طالبات کو مخاطب ہو کر کہا کہ آپ ہمارا در خشندہ مستقبل ہیں کرپشن کے خلاف آپکے عزم اور لڑنے کے فیصلے سے ہماری آئندہ آنے والی نسلیں خوشحال ہوں گی۔انھوں نے کہا کہ ہمیں سچ بولنے کی ہمت پیدا کرنا ہو گی تاکہ بد عنوان عناصر کو دنیا میں بھی ذلت کے طوق پہنائے جا سکیں۔ا س سے قبل جوائنٹ ڈائر یکٹر کالجزربایہ حمید درانی نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں کامیاب طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :