موٹروے پولیس نے راولپنڈی سے چوری ہونیوالی کار صوابی سے برآمد کرلی

پولیس افسران نے دوران پیٹرولنگ ملنے والا گمشدہ پرس مالک کے حوالے کر دیا

بدھ 7 دسمبر 2016 19:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے اسلام آباد پشاور موٹروی ایم ون پرصوابی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی سے چوری ہونیوالی کار برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس مین کنٹرول اسلام آباد کو راولپنڈی پولیس نے اطلا ع دی کہ ایک کرولا کار نمبرLEA-8938 تھانہ صادق آباد راولپنڈی سے چوری ہو گئی ہے۔

اطلا ع ملتے ہی موٹروے پولیس مین کنٹرول نے تمام زونوں کی پیٹرولنگ گاڑیوں کو الرٹ کر دیا ،انتہائی سخت چیکنگ کے باعث نامعلوم ملزمان مطلوبہ کار کو موٹروے (M-1) پرصوابی کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ موٹروے پولیس کے افسرانPO مسلم گل اور PO ظفیر احمد نے کار کو اپنے قبضے میں لے کرمالک اور لوکل پولیس راولپنڈی کومطلوبہ کار کی برآمد گی کے بارے میں اطلاع دی ۔

(جاری ہے)

دوسری کارروائی میںموٹروے پولیس کے افسران نے فرض شناسی اور ایمانداری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے دوران پیٹرولنگ ملنے والا گمشدہ پرس مالک کے حوالے کر دیا ۔ موٹروے (M-2) پر دوران پیٹرولنگ موٹروے پولیس کے افسران SPOامیر علی اورSPOامتیاز حسین کو سیال موڑ سروس ایریا سے ایک عدد پرس ملا ۔چیک کرنے پر پرس میں سے 12000روپے نقد، 04عدد چیکس ، 02عدد دستخط شدہ چیکس مالیت25000روپے ، 06عدد مختلف کریڈٹ کارڈ ، ایک عدد ڈرائیونگ لائسنس ، ایک عدد شناختی کار ڈ بنام ابرار یقین ولد یقین علی شاکر اور ایک عدد موبائل فون نمبر بھی ملا۔

جس پر رابطہ کرنے پر مذکورہ شخص نے بتایا کہ یہ میرا ہی پرس ہے جو کہ دوران سفر گھوم ہو گیا تھا ۔بعدازاں موٹروے پولیس کے افسران نے مذکورہ شخص کو سیال موڑ کیمپ بلا کر پرس اس کے حوالے کر دیا۔ جس نے موٹروے پولیس افسران کی فرض شناسی او رایمانداری کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :