چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ پی کے 661حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا

طیارے میں 42مسافر سوار تھے‘ پاک فوج کے علاوہ دیگر امدادی اداروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں

بدھ 7 دسمبر 2016 18:56

چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ پی کے 661حویلیاں ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ پی کے 661حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ‘طیارے میں 42مسافر سوار تھے‘ پاک فوج کے علاوہ دیگر امدادی اداروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ بدھ کو معمول کے مطابق پی آئی اے کا مسافر طیارہ پی کے 661‘ 42مسافروں کو لیکر چترال سے اسلام آباد کے لئے 3بجکر 50منٹ پر روانہ ہوا اور اپنے مقررہ روٹ پر سفر کرتا ہوا حویلیاں کے قریب یہ مسافر طیارہ لاپتہ ہوگیا۔

بعد ازاں ایوی ایشن ڈویژن سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے طیارہ گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کردی۔ پاک فوج کی امدادی ٹیمیں بشمول ہیلی کاپٹر اور میڈیکل ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

(جاری ہے)

طیارے میں سوار تمام 42 مسافروں اور عملے کے 5 ارکان کے جاں بحق ہو جانے کے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مسافروں میں معروف نعت خواں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی موجود تھے۔

اب تک کل 5 مسافروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں. طیارے میں سوار 47 افراد میں پائلٹ صالح جنجوعہ اور کوپائلٹ آل اکرم سمیت ایک ٹرینی پائلٹ‌سوار تھے۔ جبکہ طیارے میں 2 ایئرہوسٹس صدف فاروق اور عاصمہ عادل سوار تھیں۔ طیارے میں سوار افراد میں معروف مذہبی اسکالر اور نعت خواں جنید جمشید، ان کی اہلیہ نیہا جمشید سمیت ڈی سی چترال اسامہ وڑائچ ، علی حسن ، قیصر عابد ، آمنہ احمد، محمد عتیق ، حاجی نواز، علی محمد ، محمد خان ، اختر محمود ، فرخ ناز، فرحت عزیز ، احسان ، احترام الحق ، عائشہ ، علی اکبر ، گل مرز ، عاطف محمود ، عتیق محمد ، علی گوہر ، ہوران گل اور حاجی نواز سمیت 47 افراد سوار تھے ۔

طیارے میں تین غیر ملکی افراد چینگ ہان ، ہیروگ ایکلر اور ہیرالڈ کیسلر بھی سوار تھے۔ طیارے میں سوار افراد میں 31 مرد، 9 خواتین اور تین شیر خوار بچے بھی یموجود تھے.