الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات ‘ضلع قصور میں ووٹرز ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘سمینار اور واک کا اہتمام

معاشرے کا ہرفرد اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ووٹ کاسٹ کرے ‘ اگر ہم اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کرتے تو پھر ہمیں کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ سیاسی رہنمائوں پر تنقید کریں ‘ووٹرز ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد خالد رشید اور دیگر کا خطاب

بدھ 7 دسمبر 2016 17:45

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع قصور میں ووٹرز ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا ‘ڈی پی ایس سکول کے آڈیٹوریم میں آگاہی سمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میںڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈینیشن عبدالسلام عارف ‘ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد خالد رشید ‘ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سید محمد رضا ‘مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر صفیہ سعید ‘سیاسی رہنمائوں ‘اساتذہ ‘وکلاء ‘سول سوسائٹی کے عہدیداران ‘طلباء و طالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی او سی عبدالسلام عارف نے کہا کہ کوئی بھی ریاست اپنے شہریوں کے بغیر ریاست نہیں بن سکتی جب تک انتخابات میں 70سے 80فیصد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرتے جمہوری ادارے مستحکم نہیں ہو سکتے ۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کا ہر فرد اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ووٹ کاسٹ کر کے ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کرتے تو پھر ہمیں کوئی حق حاصل نہیں ہے کہ ہم سیاسی رہنمائوں پر تنقید کریں ۔ اب وقت ہے کہ ہم ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور ملک کے استحکام اور مضبوط جمہوریت کیلئے ہمیں ووٹ کا حق ستعمال کرنے کی آگاہی زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانی چاہیے ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد خالد رشید نے کہا کہ ووٹرزکے قومی دن کو منانے کی ضرورت اس لئے محسوس ہوئی کہ پاکستان کی انتخابی تاریخ میں زیادہ سے زیادہ 55فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے 1977ء کے الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔

اس کے بعد انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا رجحان کم سے کم ہوتا چلا گیا ۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایسے اقدامات کئے جن کی بناء پر عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بحال ہوا ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ووٹ کی اہمیت کو سمجھا جائے تا کہ آنے والے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت کویقینی بنایا جا سکے ۔ بعدازاں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک آگاہی واک منعقد کی گئی جس میں افسران ، سول سوسائٹی کے عہدیداران ، وکلاء ، سیاسی رہنمائوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔