خیبر پختونخوا ، قبائلی علاقہ جات میںقومی ووٹرز ڈے شایان شان طریقے سے منایا گیا‘ سب سے بڑی تقریب گورنر ہاوس میں ہوئی،گورنر خیبرپختونخوا مہمان خصوصی تھے،آگاہی واک کی قیادت کی

بدھ 7 دسمبر 2016 17:38

پشاور۔07دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابی عمل کو آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے ۔ یہ بات جسٹس (ر) ارشاد قیصر ممبر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر گورنر ہائوس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا مسرت خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ( ایڈمن) ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سینئر افسران سمیت، وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، ایم پی اے معراج ھمایون ، سمیت صوبائی و وفاقی محکموں کے سربراہان، پروفیسرز ، ایڈورڈز کالج اور اسلامیہ کالج کے طلبہ و طالبات اور مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا۔ کہ ملک میں انتخابی عمل اور ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سات دسمبر کو ووٹروں کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ تا کہ قوم کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جاسکے اور زیادہ سے زیادہ لوگوںکی جمہوری عمل میں شرکت کو یقینی بنا یا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مستقل بنیادوں پر فیڈرل الیکشن اکیڈمی کے قیام کو عملی شکل دی۔

جس میں افسران کو تربیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اب تمام انتخابات کو مانیٹر کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا با ضابطہ طور پر علیحدہ شعبہ بھی قائم کر دیا ہے۔جس سے یقینی طور پر الیکشن کے انعقاد اور انتظامی امور میں بہتری کے روشن امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور قبائیلی علاقہ جات میںا نتخابات سے متعلق آگاہی اور آئیندہ عام انتخابات میں ووٹوں کی شرح بڑھانے کے لئے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاںفعال کی گئی ہیںتا کہ عوام اور ووٹروں کو ووٹ کے اندراج اور حق رائے دہی کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ پولنگ اسٹیشنز کی عمارتوں کی چیکنگ کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنز کی عمارتوں کو گوگل سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سٹاف کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جس کے تحت ووٹر اپنے کوائف کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشن کی عمارت کی تصویر بھی حاصل کر سکے گا۔ جو کہ انتخابی عمل کو شفاف اور جدید بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کے تحت حکومت جب قانون سازی کریگی۔ تو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر آئیندہ الیکشن میںبائیوں میٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو استعمال کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اور قبائیلی علاقوں سمیت ملک بھر میں انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام اکتوبر ۲۰۱۶ میں مکمل کیا۔

جس میں ایسے تمام افراد جنہوں نے نادرا سے نئے شناختی کارڈ حاصل کیے۔ ان کے ووٹوں کا اندراج ان کے گھر گھر جا کر تصدیق کی گئی۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی ۔ کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ اس قومی فریضہ میں تعاون کریں۔ تاکہ ملک میں2018 میں منعقد ہونے والے عام انتخابات شفاف انداز میں منعقد کرسکے۔ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) ارشاد قیصرنے اپنے خطاب میں تمام شرکاء اور گورنر خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر اپنے خطاب میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اس دن کو منانے کے حوالہ سے کہا۔ کہ اس سے عوام میں ووٹ کی اہمیت اُجاگر ہوگی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی شفافیت کے حوالہ سے کئے گئے ممکنہ اقدامات کو بھی سراہا۔ اور کہا۔ کہ ہم سب کو الیکشن کمیشن کے ساتھ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا۔

کہ انتخابات میں نئی ٹیکنالوجی کے متعارف کرانے سے شکوک و شبہات ختم ہونے میں مدد ملے گی۔اس سے پہلے صوبائی الیکشن کمشنر ، خیبر پختونخوا نے اپنے کلمات میں شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا۔ کہ آج کا یہ دن اس لحاظ سے ایک اہم اور تاریخی ہے۔ کہ آج ہی کے دن یعنی 07دسمبر 1970کو پاکستان کے پہلے پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔جن کی بنیاد پر ہمارا 1973کا پہلا متفقہ آئین بنا۔

اور سینیٹ ( ایوان بالا) کا قیام وجود میں لایا گیا۔آخر میں تمام شرکاء نے گورنر خیبر پختوںخوا کی قیادت میں آگاہی واک میں شرکت کی۔ شرکاء نے مختلف بینرز اُٹھائے ہوئے تھے۔ جن پر ووٹ کی اہمیت اُجاگر کی گئی تھی۔ یاد رہے۔ کہ عوام میں ووٹ کی اہمیت اُجاگر کرنے کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع بشمول قبائیلی علاقہ جات میں قومی ووٹرز ڈے منا یاشایان شان طریقے سے منا یا گیا۔

متعلقہ عنوان :