بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں سپیکٹرا 2016 کا آغاز

بدھ 7 دسمبر 2016 17:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں سپیکٹرا 2016 کا آغاز ہو گیا جس میں جامعہ کے طلباء کی کثیر تعداد تقریر، ڈرامہ، فوٹو گرافی اور مضمون نویسی اور مختلف کھیلوں سمیت 50 سے زائد مقابلوں میں حصہ لے رہی ہے۔ ان مقابلوں کا انعقاد جامعہ کے دفتر مشیر طلباء کے زیر اہتمام کیا گیا ہے جن کی افتتاحی تقریب بدھ کو جامعہ کے نیو کیمپس میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی تھے جبکہ اس موقع پر مشیر طلباء ڈاکٹر ارشد ضیاء ،تمام فیکلٹیوں کے ڈین، ایڈیشنل مشیر طلباء عبدالقادر ہارون، ڈائریکٹرز اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

افتتاحی تقریب میں مقابلوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے طلباء کی تیار کی گئی دستاویزی فلمیں ،ڈارمے اور ملی نغمے پیش کیے گئے جن کو شرکاء نے بھرپور سراہا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ تعمیری سرگرمیوں کا فروغ جامعہ کی اولین ترجیح ہے اور یہ میگا ایونٹ کئی ہونہار اذہان کو متعارف کرائے گا جو جامعہ اور ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نصابی سرگرمیوں کی پذیرائی کی جائے گی ۔ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو بھی مبارکباد دی۔ ریکٹر جامعہ کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی کا نصب العین امت مسلمہ کو ایسے بہترین افراد مہیا کرنا ہے جو عصری علوم میں مہارت رکھنے کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی مکمل آگاہی رکھتے ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی کی شعبہ تعلیم میں خدمات کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور جامعہ حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد ریلوے انجینئرنگ کی ڈگری متعارف کرانے پر بھی کام کر رہی ہے۔

قبل ازیں ،ڈاکٹر ارشد ضیاء نے کہا کہ سالانہ ایونٹ سپیکٹرا نوجوان طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جس میں حصہ لینے والے طلباء کی بھرپور پذیرائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے طلباء کو اپنے آپ کو منوانے کے لیے قومی و بین الاقوامی فورمز پر مواقع فراہم کرنے میں دفتر مشیر طلباء اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ سپیکٹرا ایونٹ جامعہ میں 21 / دسمبر تک جاری رہے گا جس میں خطاطی،کھیل ، ہم نصابی سرگرمیوں اور کئی ایک مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔