عید میلاد النبیﷺ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ضلعی امن کمیٹی اٹک کا اجلاس

ْ

بدھ 7 دسمبر 2016 15:43

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) عید میلاد النبیﷺ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی اٹک کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت اے ڈی سی اکرام الحق منعقد ہوا ۔اجلاس میں ممبران امن کمیٹی ، اسسٹنٹ کمشنرز ، صدر انجمن تاجران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت ۔ اجلاس میں اے ڈی سی اٹک اکرام الحق نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں جامع پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

جس کے تحت سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ تمام جلوس اور محافل کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹر ول رومز قائم کیے جائیں گے جس کے ذریعے ضلع بھر میں منعقد ہونے والے جلوس اور محافل کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور انہیں ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ جلوس اور محافل کے شرکاء کو اعلیٰ ترین میونسپل سروسز مہیا کی جائیں گی۔

اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ ڈی ایس پی ٹریفک ضلع بھر کے لیے جامع ٹریفک پلان مرتب کریں گے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو ۔ اس موقع پر ممبران امن کمیٹی سے اپیل کی گئی کہ وہ تمام متظمین جلوس اور محافل کو اس بات کی ہدایت کریں کہ وہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کریں جس کے تحت تمام جلوس اور محافل کے روٹس اور اوقات کی سختی سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جلوس اور محافل کے شرکاء کو مکمل طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اے ڈی سی اٹک کو تمام انتظامات کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جن کی نگرانی میں تمام اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اجلاس کے شرکاء سے اپیل کی گئی کہ ربیع الاول کے اس بابرکت مہینے میں امن و آتشی کی بے مثال فضا قائم کریں تاکہ رحمتوں اور برکتوں کا یہ مہینہ خو ش اسلوبی سے گزر سکے۔ممبران امن کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ ضلعی اور تحصیل سطح پر ہر قسم کا تعاون ممکن بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :