پاک ایران تجارتی فروغ سے برآمدات و درآمدات کا حجم بڑھایا جا سکتا ہے ،اعجاز الحق

بدھ 7 دسمبر 2016 14:58

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے پیٹرن چیف محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران آپس میں گہرے برادرانہ رشتوں میں بندھے ہیں اور دونوں ممالک میں صنعت و تجارت کو ترقی دے کر درآمدات اور برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے،پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کا مقصد تاجروں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات اور آسانیاں پیدا کرنا ہیں تاکہ انہیں پاکستان اور ایران میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے مواقع میسر آسکیں۔

انہوںنے بتایاکہ پاک ایران تجارتی فروغ کے لیے پاک ایران جوائنٹ چمبر آف کامرس کے وفد نے ایران میں مشہد اور تہران کے دورے کے دوران ایران چمبر آف کامرس ، مشہد ، تہران کے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

وفد میں پاکستان ، ایران جوائیٹ چمبر آف کامرس کے صدر ولی خان ، نائب صدر محمد خورشید برلاس ، شیریں ارشد ، سہیل لاشاری، افشاں کلیم عالیہ اور دیگر ممبران شامل تھے ۔

پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر ولی خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں تجارت کو ترقی دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس سلسلے میں وفود کے تبادلے اور دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کے دورے سود مند ثابت ہوسکتے ہیں۔نائب صدر پاک ایران جوائنٹ چیمبر خورشید برلاس نے کہا کہ دورے کا مقصد پاک ایران جوائنٹ چمبر آف کامرس کے عہدیداروں کے تعاون اور دونوں ملکوں میں اعلیٰ سطح پر رابطوں کو فعال کرنا تھا تاکہ اقتصادی ترقی اور تجارتی تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :