نامور شاعر سرفراز شاہد کی مرتب کردہ کتاب ’’منتخب کلام اکبر الٰہ آباد ی‘‘ شائع کردی گئی

بدھ 7 دسمبر 2016 14:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام ’’رنگِ سخن‘‘ سیریز کے تسلسل میں سمارٹ بکس‘‘ کے سلسلے کی نامور مزاح گو شاعر اور ’’بزمِ اکبر‘‘ کے روحِ رواں سرفراز شاہد کی مرتب کردہ 176صفحات پر مشتمل نئی کتاب ’’منتخب کلام اکبر الٰہ آبادی‘‘ خوشگوار سرورق اور دیدہ زیب طباعت کے ساتھ شائع ہو گئی ہے۔

قیمت140روپے ہے۔ اسے ریڈرزکلب کے باذوق ممبران 55فی صد رعایت پر صرف 63روپے کے عوض این بی ایف کی ملک بھر میں موجود کسی بھی بُک شاپ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ مرتب نے دقتِ نظر کے ساتھ اکبر الٰہ آبادی بہترین مزاحیہ اور سنجیدہ شاعر کا انتخاب اس میں شامل کیا ہے جب کہ اپنے ممدوح کے حالاتِ حیات، احوال و آثار، اکبر الٰہ آبادی کے بارے میں مشاہیر کی آراء اور اُن کے اہم واقعات و متعلقات کو اہلِ تحقیق اور عام قارئین کے لیے شاملِ انتخاب کیاہے۔

(جاری ہے)

پیش لفظ میں پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے لکھا ہے کہ اکبر الٰہ آبادی اردو کی طنزیہ و مزاحیہ شاعری کے سب سے بڑے نمائندے ہیں۔ اُن کی شاعری زندگی کی اصلاح اور اُس کی وضع قطع پر تنقید سے عبارت ہے۔ اکبر الٰہ آبادی نے اپنے کلام میں معاشرتی مسائل اور نئی تہذیب کی خامیوں کی نشان دہی بہت خوبصورت انداز میں کی ہے۔ وہ مزید لکھتے ہیں کہ اکبر الٰہ آبادی نے سنجیدہ شاعری کی اور روایت سے بھی کسبِ فیض کیا ۔ اُن کی زبان صاف اور عام بول چال کی زبان ہے اور انگریزی الفاظ کو مشّاقی اور برجستگی کے ساتھ اپنے اشعار کا حصہ بنایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سرفراز شاہد کا کیا ہوا یہ انتخاب کلام اکبر الٰہ آبادی ادب کے قارئین کو پسند آئے گا۔