جاپانی ٹیلی کام کمپنی ’’سافٹ بینک‘‘ امریکا میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، روزگار کے 50 ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے،نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جاپانی ارب پتی ماسایوشی سن سے ملاقات کے بعد اعلان

بدھ 7 دسمبر 2016 13:37

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) جاپان کی ٹیلی کام کمپنی ’’سافٹ بینک‘‘ امریکا میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جس سے روزگار کے 50 ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس بات کا اعلان امریکا کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک کے ٹرمپ ٹاور میں جاپانی ارب پتی ماسایوشی سن سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سافٹ بینک کی امریکا میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان پہلے اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا اور بعد ازاں ہیڈکوارٹرز کی لابی میں صحافیوں کو بذات خود منصوبے سے آگاہ کیا تاہم انہوں نے سرمایہ کاری اور نئی ملازمتیں فراہم کرنے بارے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپانی ارب پتی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جاپان کے سافٹ بینک کے ماسا ہیں اور انہوں نے ابھی امریکا میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 50 ہزار ملازمتیں فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماسا انڈسٹری کی ایک عظیم شخصیت ہیں۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماسا یوشی سن سے مصافحہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے وکٹری ٹوور کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے پہلے سافٹ بینک کی سرمایہ کاری کو معیشت کیلئے اپنی ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد ٹوکیو سٹاک ایکسچینج میں سافٹ بینک کے شئیرز میں 4.2 فیصد اضافہ ہوا اور سافٹ بینک کے حصص کی قیمت 7249 ین تک پہنچ گئی۔

متعلقہ عنوان :