پولیس مقابلے میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ، دو فرار

بدھ 7 دسمبر 2016 13:17

قصور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2016ء) پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈکیتی‘ قتل‘ بسیں لوٹنے اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان ملتان روڈ جمبرموڑ کے قریب مقابلے کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ دوڈاکو رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملتان روڈ جمبرموڑکے قریب ڈاکو ناکہ لگا کر لوگوں کو لوٹ رہے تھے کہ ایک وکیل عبدالرزاق بھٹی نے مقامی پولیس کو فون پر اطلاع دی جس پر پولیس پتوکی کی بھاری نفری پہنچی، پولیس اور ڈاکوئوں کاڈھنڈیانوالہ پل کے قریب آمناسامناہوگیا ۔

ڈاکوئوں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے بھی حفاظت خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مزیدپولیس فورس پہنچ گئی۔ اس دوران دوڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے جن کو تحصیل ہسپتال پتوکی لے جایاجارہاتھا کہ راستے میں دم توڑ گئے جبکہ رات کی تاریکی کافائدہ اٹھاتے ہوئے دوڈاکوفرار ہوگئے۔جاں بحق ہونیوالے دونوں ڈاکوتنویر اور محسن قصور‘ لاہور‘اوکاڑہ‘ گجرات‘ننکانہ صاحب‘ شیخوپورہ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر اضلاع میں 25سے زائد ڈکیتی‘ قتل‘ راہزنی کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

پولیس نے ڈاکوئوں کے قبضہ سے موٹر سائیکل اور اسلحہ ناجائز بھی پکڑاجبکہ فرارہونیوالے ڈاکوئوں کی تلاش کیلئے ڈی پی اوقصور سیدعلی ناصررضوی کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :